اقوام متحدہ میں پاکستانی سفیر کی یو این سلامتی کونسل کے صدر سے ملاقات،بھارت کی جانب سے انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں بارے نائب وزیراعظم اسحاق ڈارکا خط حوالے کیا

بدھ 6 اگست 2025 00:50

اقوام متحدہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 اگست2025ء) اقوام متحدہ میں پاکستان کے سفیر عاصم افتخار احمد نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے صدر ایلوئے ایلفارو ڈی ایلبا سے ملاقات کی اور پاکستانی نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار کا ایک خط حوالے کیا، جس میں مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارت کی طرف سے انسانی حقوق کی وسیع پیمانے پر خلاف ورزیوں پر توجہ مرکوز کی گئی ۔

(جاری ہے)

یہ خط 5 اگست 2019 کو بھارت کے غیر قانونی اور یکطرفہ اقدامات کے چھ برس مکمل ہونے کے موقع پر دیا گیا جب بھارتی حکومت نے جموں و کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کر دی تھی۔خط میں نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے15 رکنی کونسل پر زور دیا کہ وہ دہائیوں پرانے تنازعہ پر اپنی ہی قراردادوں پر عمل درآمد کیلئے ٹھوس اقدامات کرتے ہوئے اپنی ذمہ داری پوری کرے تاکہ اقوام متحدہ کے چارٹر اور کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق منصفانہ، پرامن اور دیرپا تصفیہ حاصل کیا جا سکے۔ یہ خط اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے صدر فلیمون یانگ اور اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس کو بھی پہنچایا گیا ہے۔