پنجاب پولیس یوم استحصال کشمیر پر مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام کی دلیرانہ جدوجہد کو سلام پیش کرتی ہے‘ آئی جی ڈاکٹر عثمان انور

گذشتہ کئی دہائیوں سے جاری بھارتی غاصبانہ قبضے، جموں و کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کرنے کی پرزور مذمت کرتے ہیں ‘ پیغام

بدھ 6 اگست 2025 02:45

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 06 اگست2025ء)انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے یوم استحصال کشمیر کے موقع پر کہا کہ پنجاب پولیس مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام کی دلیرانہ جدوجہد کو سلام پیش کرتی ہے۔ پنجاب پولیس گذشتہ کئی دہائیوں سے جاری بھارتی غاصبانہ قبضے اور جموں و کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کرنے کی پرزور مذمت کرتی ہے۔

مقبوضہ کشمیر کے عوام گذشتہ کئی دہائیوں سے آزادی، حق خودارادیت اور بقا کی جنگ لڑ رہے ہیں۔آئی جی پنجاب نے کہا کہ یوم استحصال کشمیر پر صوبائی دارالحکومت سمیت صوبہ بھر میں سکیورٹی ہائی الرٹ اور شرپسند و ملک دشمن عناصر پر کڑی نظر رکھی جائے گی۔کسی بھی شخص کو قانون ہاتھ میں لینے اور امن و امان سبوتاژ کرنے کی ہرگز اجازت نہ دی جائے۔

(جاری ہے)

ترجمان پنجاب پولیس نے بتایا کہ لاہور سمیت صوبہ بھر میں 10 ہزار سے زائد پولیس افسران و اہلکار سکیورٹی و ٹریفک انتظامات پر تعینات کیے گئے ۔

لاہور سمیت صوبہ بھر میں یوم استحصال کشمیر پر منعقدہ ریلیوں اور سیمنارز سمیت پروگراموں کو فول پروف سکیورٹی فراہم کی گئی۔ حساس مقامات پر منعقدہ یوم استحصال کشمیر ریلیز اور اے کیٹگری پروگراموں پر اضافی نفری تعینات کی گئی۔ آئی جی پنجاب نے افسران کو ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ یوم استحصال کشمیر پر شہروں کے داخلی و خارجی راستوں پر چیکنگ بڑھا دی جائے۔آر پی اوز، سی پی اوز، ڈی پی اوز اور ٹریفک افسران یوم استحصال کشمیر پروگراموں کے سکیورٹی و ٹریفک انتظامات کی خود نگرانی کریں۔