گورنمنٹ کالج ویمن یونیورسٹی سیالکوٹ اور نیشنل یونیورسٹی آف سنگاپور کے درمیان مشترکہ تحقیقی منصوبے کا پہلا فیز مکمل ہو گیا

بدھ 6 اگست 2025 10:30

سیالکوٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 اگست2025ء) گورنمنٹ کالج ویمن یونیورسٹی سیالکوٹ اور نیشنل یونیورسٹی آف سنگاپور کے درمیان مشترکہ تحقیقی منصوبے کا پہلا فیز مکمل ہو گیا ہے جو نہ صرف ادارے بلکہ پاکستان کے علمی افق کے لیے بھی ایک تاریخ ساز لمحہ ہے۔ یونیورسٹی انتظامیہ کے مطابق اس طرح گورنمنٹ کالج ویمن یونیورسٹی سیالکوٹ نے ایک اور قابلِ فخر سنگِ میل عبور کرتے ہوئے بین الاقوامی علمی و تحقیقی دنیا میں اپنی موثر موجودگی درج کروا دی ہے۔

اس نمایاں کامیابی کے روحِ رواں شعبہ معاشیات سے تعلق رکھنے والے اسسٹنٹ پروفیسر ڈاکٹر عمر فرخ ہیں، جنہوں نے اپنے تحقیقی وژن، پیشہ ورانہ دیانت اور بین الاقوامی ساکھ کے ذریعے پاکستان کی ایک خواتین یونیورسٹی کو عالمی سطح پر متعارف کرایا۔

(جاری ہے)

ان کی ریسرچ ٹیم کی انتھک محنت اس بات کا ثبوت ہے کہ علم، لگن اور قومی جذبہ ہو تو فاصلے اور سرحدیں معنی نہیں رکھتیں۔

اس موقع پر بات چیت کرتے ہوئے ڈاکٹر عمر فرخ نے کہا کہ یہ تحقیقاتی منصوبہ نیشنل یونیورسٹی آف سنگاپور کے تعاون سے پاکستان میں مکمل کیا جا رہا ہے جو یقیناً پاکستان میں ترقی معیشت اور فوڈ سکیورٹی کے حصول کے لیے اہم سنگ میل ثابت ہو گا۔ وائس چانسلر گورنمنٹ کالج ویمن یونیورسٹی سیالکوٹ پروفیسر ڈاکٹر شازیہ بشیر کی قیادت میں ویمن یونیورسٹی نہ صرف قومی سطح پر ایک مثالی تعلیمی ادارہ بن چکی ہے بلکہ اب بین الاقوامی تحقیقی منظرنامے پر بھی اعتماد سے آگے بڑھ رہی ہے۔ یہ کامیابی اس یقین کی عملی تعبیر ہے کہ جب خواتین کے اداروں کو بااختیار بنایا جائے تو وہ تحقیق، قیادت اور ترقی کی نئی راہیں متعین کر سکتے ہیں۔