Live Updates

لیجنڈری کرکٹر اور سابق وزیر اعظم عمران خان 73 برس کے ہو گئے

’وہ آیا ۔۔ اس نے دیکھا اور فتح کر لیا‘، عمران خان کے بارے میں ایسا کہا جائے تو بے جا نہ ہوگا

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب اتوار 5 اکتوبر 2025 11:26

لیجنڈری کرکٹر اور سابق وزیر اعظم عمران خان 73 برس کے ہو گئے
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 5 اکتوبر 2025ء ) دنیا کے عظیم ترین آل رائونڈز میں سے ایک اور بانی تحریک انصاف عمران خان 73 برس کے ہو گئے، پی ٹی آئی آج ملک بھر میں عمران خان کی سالگرہ منائے گی۔ 
تفصیلات کے مطابق بانی پی ٹی آئی اور سابق وزیر اعظم عمران خان نے زندگی کی 73 بہاریں دیکھ لیں، عمران خان کے لیے سوشل میڈیا پر مبارک باد کے پیغامات کا تانتا بندھ گیا، ’سالگرہ مبارک ہو خان صاحب‘ ٹوئٹر پر ٹرینڈ کرنے لگا۔

 
’وہ آیا ۔۔ اس نے دیکھا اور فتح کر لیا‘ عمران خان کے بارے میں ایسا کہا جائے تو بے جا نہ ہوگا، کپتان نے زندگی کے جس بھی شعبے میں قدم رکھا، اس میں عروج پر پہنچے۔ 
عمران احمد خان نیازی 5 اکتوبر 1952ء کولاہورمیں اکرام اللہ خان نیازی کے گھر پیدا ہوئے، وہ 4 بہنوں کے اکلوتے بھائی ہیں۔

(جاری ہے)

 

انھوں نے کرکٹ کے میدان میں قدم رکھا تو لیجنڈ کرکٹرز میں جگہ پائی اور کپتان بنے تو پاکستان کو ورلڈ کپ کا فاتح بنا کر تاریخ رقم کر دی۔

 
سابق کپتان نے 88 ٹیسٹ میچز میں آل راونڈ کارکردگی دکھاتے ہوئے 3807 رنز بنائے اور اس کے ساتھ 362 وکٹیں بھی حاصل کیں۔ 
عمران خان نے 175 ایک روزہ میچز میں 3 ہزار 709 رنز بنارکھے ہیں جب کہ 182 وکٹیں بھی حاصل کیں، جب کہ 1992ء کی فاتح پاکستانی ٹیم کے وہ کپتان بھی تھے۔ اور وہ پاکستان کرکٹ بورڈ کے ہال آف فیم میں بھی شامل ہیں۔ 
سماجی شعبے میں آئے تو عوام کی مدد سے کینسر کے مریضوں کا علاج کرنے کے لیے شوکت خانم ہسپتال بنا کر مثال قائم کر دی، سیاست کے میدان میں طویل جدوجہد کی، پھر ایسے قدم جمائے کہ سیاسی میدان پر چھا گئے۔

2018ء کے الیکشن میں پی ٹی آئی نے ملک بھر میں کامیابی حاصل کرتے ہوئے وفاق میں برسراقتدار آگئی اور عمران خان 17 اگست 2018ء کو وزیراعظم پاکستان منتخب ہوگئے۔ 
کپتان بڑے بڑے سیاسی برج الٹ کر وزیر اعظم پاکستان بنے، اسلاموفوبیا کے خلاف اقوام متحدہ میں امت مسلمہ کی آواز بن کر عالمی برادری کو جھنجھوڑ ڈالا۔
حکومت سے اپوزیشن میں آئے تو ملکی تاریخ کے ریکارڈ بڑے جلسے سب کے سامنے ہیں، کپتان کبھی گھبرایا اور نہ مقصد سے پیچھے ہٹا، اور کارکنوں کو بھی یہی پیغام دیا۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات