بھارت جموں خطے میں سی آر پی ایف کی 25اضافی کمپنیاں اورکوبرا کے دویونٹ تعینات کررہا ہے

بدھ 6 اگست 2025 17:04

جموں (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 اگست2025ء) بھارت غیرقانونی طورپر اپنے زیر قبضہ جموں وکشمیرمیں جموں خطے کے کٹھوعہ ، ادھم پوراورسانبہ اضلاع میں حریت پسندکشمیریوں کے خلاف اپنی فوجی کارروائیوں میں تیزی لانے کے لئے پیراملٹری سنٹرل ریزرو پولیس فورس کی 25سے زائداضافی کمپنیاں اور کوبرا کمانڈوز کے دو یونٹ تعینات کررہاہے۔کشمیر میڈیا سروس کے مطابق کمانڈو بٹالین فار ریزولوٹ ایکشن (کوبرا) جسے جنگلی علاقوں میںکاررائیوں اور گوریلا جنگ سے نمٹنے کی خصوصی تربیت دی گئی ہے، کوجموں خطے میں غیر معمولی انداز میں تعینات کیاجا رہا ہے۔

یہ تعیناتی ایک وسیع حکمت عملی کا حصہ ہے جس کا مقصد سانبہ، کٹھوعہ اور ادھم پورخاص طور پر سرحدی علاقوں میں کارروائیوں کو تیز کرنا ہے۔

(جاری ہے)

بھارتی حکام نے دعویٰ کیا کہ یہ فیصلہ اعلیٰ سطح پر کیاگیا ہے اور یہ بھارتی فوج پر انحصار کی حکمت عملی میں تبدیلی کی نشاندہی کرتا ہے۔ کٹھوعہ میں بھارتی فوج کے دو بریگیڈ پہلے ہی تعینات ہیں۔یہ اقدام متنازعہ علاقے پر اپنی گرفت کو مزید مستحکم کرنے کے لئے بھارت کی 2000کی دہائی کے ہتھکنڈوں کو دوباہ اختیار کرنے کا اشارہ دیتا ہے جس کے تحت پہاڑی علاقوں میں فورسز کی موجودگی کو بڑھایاجائے گا۔

تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ فورسز کی تعیناتی خطے کے لوگوں کے سیاسی اور انسانی حقوق کے مسائل کو حل کرنے کے بجائے مقبوضہ جموں و کشمیر میں جاری بھارت کی ظالمانہ پالیسی کے تسلسل کی نشاندہی کرتی ہے۔ انہوں نے خبردارکیا کہ اس تعیناتی سے پہلے سے ہی غیر مستحکم علاقے میں خوف اور جبر کی فضا مزید گہری ہوجائے گی۔