Live Updates

چینی سرحد کے ساتھ واقع بھارتی گائوں میں کلائوڈ برسٹ کے بعد خوفناک تباہی، درجنوں عمارات بہہ گئیں، ایک سو افراد لاپتہ

بدھ 6 اگست 2025 17:46

نئی دہلی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 اگست2025ء) بھارت کی شمالی ریاست اتراکھنڈ کے ضلع اترکاشی میں کلائوڈ برسٹ کے بعد آنے والے خوفناک سیلابی ریلے سے بڑے پیمانے پر تباہی ہوئی ہے ، اس واقعہ میں چار افراد ہلاک اور 9 فوجی اہلکاروں سمیت 100 سے زیادہ افراد لاپتہ ہیں ، سیلابی ریلے کی زد میں آکر دھرالی بازار ، تین چار منزلہ ہوٹل اور ایک مندر تباہ ہو گئے ہیں اور 40 سے 50 مکانات ملبے کے ساتھ بہہ گئے ہیں۔

بھارت کے نائب وزیر دفاع سنجے سیٹھ نے بتایا کہ صورتحال سنگین ہے۔بی بی سی کے مطابق چین کی سرحد کے قریب دریائے کھیر گنگا کے کنارے واقع دھرالی ہندوؤں کے مقدس چار دھام یاترا کے راستے میں ایک اہم جگہ ہے اور سیاحتی مقام ہونے کی وجہ سے یہاں ہوٹلوں اور رہائشی عمارتوں کی بہتات ہے ۔

(جاری ہے)

بھارت کے محکمہ موسمیات نے اترکاشی ضلعے اور آس پاس کے علاقوں کے لیے ریڈ الرٹ جاری کیا تھا اور بتایا ہے کہ 24 گھنٹے میں وہاں کچھ علاقوں میں 300 ملی میٹر تک بارش ریکارڈ کی گئی۔

بھارتی ادارے این ڈی آر ایف کے مطابق اس واقعے میں 40 سے 50 مکانات بہہ گئے ہیں ۔بھارتی فوج کے ترجمان کے 14 راجپوتانہ رائفلز کا ایک یونٹ بھی شدید بارشوں سے متاثر ہوا ہے ۔ اس یونٹ کے کیمپ میں پانی داخل ہونے کے بعد کل 11 فوجی لاپتہ ہو گئے تھے تاہم بعد میں دو فوجی مل گئے جبکہ باقی9 کی تلاش جاری ہے۔ ریسکیو آپریشن کے دوران اب تک تقریباً 20 افراد کو بحفاظت نکال لیا گیا ہے اور زخمیوں کا علاج کیا جا رہا ہے۔

ضروری سامان، ادویات لے جانے اور پھنسے ہوئے لوگوں کو نکالنے کے لیے فوج اور فضائیہ کے ہیلی کاپٹروں کا استعمال کیا جا رہا ہے۔ مقامی باشندوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کر دیا گیا ہے۔ایک مقامی شہری نے بتایا کہ ایسا نہیں ہے کہ سب کچھ ایک ساتھ بہہ گیا، پہلی لہر بہت شدید اور خوفناک تھی، اس کے بعد بھی ہر 10-15 یا 20 منٹ بعد ملبے کی چھوٹی چھوٹی مزید لہریں ہوٹلوں کو بہا کر لے جا تی رہیں۔

ہرشل وادی کے قریب واقع دھرالی میں کلپ کیدار مندر ہے، جہاں عقیدت مند زیارت کو آتے ہیں۔چاردھام یاترا (چار بڑے مندروں کی زیارت) کا راستہ بھی دھرالی سے گزرتا ہے۔ ایسے میں عقیدت مند اکثر دھرالی کے ہوٹلوں میں ٹھہرتے ہیں۔سیلابی ریلے سے تین چار منزلہ ہوٹل ، پوری مارکیٹ ،بازار اور ایک بہت بڑا مندر تباہ ہو گئے۔
Live مون سون بارشیں سے متعلق تازہ ترین معلومات