آئی جی کل احتجاج کا انتظار کرتے رہے لیکن کوئی آیا ہی نہیں‘ لگتا ہے لوگوں کو عقل آگئی، مریم نواز

لوگ اب احتجاج کیلئے اس لیے نہیں نکل رہے کیوں کہ فتنہ، بے ہنگم شور شرابہ، گالی گلوچ، گریبان پکڑنے والی سیاست کارکردگی کے باعث دفن ہوکر رہ گئی؛ لاہور میں تقریب سے خطاب

Sajid Ali ساجد علی بدھ 6 اگست 2025 16:24

آئی جی کل احتجاج کا انتظار کرتے رہے لیکن کوئی آیا ہی نہیں‘ لگتا ہے لوگوں ..
لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 06 اگست 2025ء ) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کا کہنا ہے کہ آئی جی کل احتجاج کا انتظار کرتے رہے لیکن کوئی آیا ہی نہیں‘ لگتا ہے لوگوں کو عقل آگئی۔ لاہور میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ لوگ اب احتجاج کیلئے اس لیے نہیں نکل رہے کیوں کہ فتنہ، بے ہنگم شور شرابہ، گالی گلوچ، گریبان پکڑنے والی سیاست کارکردگی کے باعث دفن ہوکر رہ گئی ہے، کام صرف باتیں کرنے سے نہیں ہوتے بلکہ کام کرنے سے ہوتے ہیں، فساد فتنہ پھیلانے والے، گھیراؤ جلاؤ کرنے والے کیا جانیں عوام کی خدمت کرنے اور ان کے کام کرنے کا جذبہ کیا ہوتا ہے، ہم نے جرائم کا قلع قمع کرنے کیلئے کرائم کنٹرول ڈیپارٹمنٹ بنایا ہے جس سے ہفتوں میں جرائم کی سطح نیچے آگئی، لوگ اب وڈیوز بنا کر جرائم سے توبہ کررہے ہیں۔

(جاری ہے)

وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا ہے کہ سفارتی محاذ پر پاکستان دوبارہ سے ابھرتے ہوئے سورج کی طرح طلوع ہورہا ہے، تمام عالمی ادارے پاکستانی معیشت کی بہتری کے اشارے دے رہے ہیں، پاکستان کا دنیا میں مثبت امیج بن رہا ہے، پاکستان کی قیادت آج مخلص اور اہل ہاتھوں میں ہے، چاہے وہ سیاسی قیادت ہو یا عسکری قیادت ہو، میاں نواز شریف ہر روز صبح گھر سے نکلنے سے قبل مجھے کہتے ہیں اپنی نیت کو اللہ تعالیٰ کی مخلوق کی خدمت کیلئے خالص رکھو۔

مریم نواز نے کہا کہ خوشی ہے ریاست جس کو لوگ ماں کہتے ہیں، یہ حکومت اپنا فرض بخوبی نبھا رہی ہے، چاہے اپنی چھت اپنا گھر ہو، مریضوں کے لیے فری ادویات یا موبائل ہیلتھ یونٹس یہ سب لوگوں کے گھروں کی دہلیز پر جاکر سہولیات مہیا کررہے ہیں، یہاں پر حکومتیں لوگوں کو گھر دینے کے خواب دکھاتی رہیں لیکن اس حکومت نے لوگوں کے اپنے گھر کے خواب کو حقیقت کا روپ دیا ہے، اپنی چھت اپنا گھر سکیم کی کامیابی پر اپنے والد نواز شریف کا خصوصی شکریہ ادا کرنا چاہتی ہوں جنہوں نے اس کے لیے میرا بہت حوصلہ بڑھایا، اس سکیم کے تحت کسی شخص کو سفارش یا رشوت سے گھر نہیں ملا بلکہ میرٹ پر ہر فرد کو دیا گیا۔