یومِ آزادی اور معرکہ حق کے موقع پر آئی ایس پی آر کا نیا ملی نغمہ ریلیز

بدھ 6 اگست 2025 20:08

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 06 اگست2025ء)پاک فوج کے شعبہ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) نے یومِ آزادی اور معرکہ حق کے موقع پر وطن سے محبت، قومی یکجہتی اور عزم و حوصلے کو اجاگر کرتا نیا ملی نغمہ جاری کر دیا۔گلوکار حسین علی پراچہ کی آواز میں تیار کیا گیا ملی نغمہ ’جان سے پیارا پاکستان‘ ریلیز ہوتے ہی مقبول ہوگیا اور صارفین نے اسے سوشل میڈیا پر بھی خوب شیئر کیا۔

گانے کی ویڈیو میں وطن سے محبت اور قومی یکجہتی کے جذبے کو خوبصورتی سے اجاگر کیا گیا ہے، اس میں معرکہ حق کی جھلکیاں بھی شامل کی گئی ہیں۔

(جاری ہے)

نغمے کے بولوں میں پاک فوج کے عزم، بہادری اور تیاری کو مؤثر انداز میں پیش کیا گیا ہے، اس میں قومی ہم آہنگی، امن اور تمام مذہبی برادریوں کے اتحاد کا خوبصورت پیغام بھی دیا گیا ہے۔جان سے پیارا پاکستان کی ویڈیو میں پاکستان کے تمام صوبوں کے ثقافتی رنگ اور نوجوانوں کی حب الوطنی کو بھی دکھایا گیا ہے، مختلف کھیلوں میں پاکستان کی نمائندگی کو بھی اجاگر کیا گیا ہے۔

ویڈیو میں پاکستان میں مذہبی ہم آہنگی کے رنگ بھی دکھائے گئے ہیں، ملک میں زراعت اور انفارمیشن ٹیکنالوجی سمیت دیگر شعبوں میں کی جانے والی اصلاحات اور ترقی کو بھی نمایاں کیا گیا ہے۔