یومِ استحصال کشمیرمنانے پرکل جماعتی حریت کانفرنس کاپاکستانی حکومت اورعوام کا شکریہ

بدھ 6 اگست 2025 21:32

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 06 اگست2025ء)کل جماعتی حریت کانفرنس کی آزاد جموں و کشمیر شاخ نے یوم استحصال کشمیرمنانے پر پاکستان کی حکومت اورعوام کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہاہے کہ یہ اس بات کا ثبوت ہے کہ کشمیری قوم تنہا نہیں بلکہ مملکتِ خداداد پاکستان اور اس کے عوام ہر محاذ پر ان کی پشت پر کھڑے ہیں۔ کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق کل جماعتی حریت کانفرنس کی آزاد جموں وکشمیر شاخ کے کنوینر غلام محمد صفی اور دیگر قیادت نے 5اگست کویومِ استحصالِ کشمیرکے موقع پر حکومتِ پاکستان، عوام اور دنیا بھر میں مقیم پاکستانیوں اور کشمیریوں کی طرف سے احتجاجی مظاہروں، ریلیوں اور سیمینارز کے انعقاد پر انہیں خراجِ تحسین پیش کیا۔

حریت قیادت نے کہا کہ ان عوامی سرگرمیوں نے دنیا کو ایک بار پھر یہ واضح پیغام دیا ہے کہ 5اگست 2019کے بھارتی اقدامات غیر قانونی، غیر آئینی اور جابرانہ تھے جنہیں کشمیری قوم نے قبول نہیں کیا۔

(جاری ہے)

حریت رہنمائوں نے کہا کہ بھارت اس وقت اپنی تمام تر ریاستی طاقت کو کشمیریوں کی جدوجہدِ آزادی کو کچلنے کے لیے استعمال کر رہا ہے۔انہوں نے کہاکہ مقبوضہ جموں و کشمیر کو ایک فوجی چھائونی میں تبدیل کر دیا گیا ہے جہاں دس لاکھ سے زائد مسلح بھارتی فوجی ہر گھر، گلی اور بستی میں خوف اور دہشت کی فضا قائم کیے ہوئے ہیں۔

نوجوانوں کو ماورائے عدالت اور جعلی مقابلوںمیں شہید کیا جا رہا ہے ،سیاسی قیادت کو غیر قانونی طورپرنظربند رکھا گیا ہے،خواتین کی حرمتیں پامال ہو رہی ہیں، آبادی کا تناسب تبدیل کرنے کے لیے غیر ریاستی باشندوں کو بسانے کا سلسلہ تیز کر دیا گیا ہے،زمینوں کی ضبطی اور معاشی استحصال معمول بن چکا ہے ۔حریت قیادت نے ان مظالم کو اقوامِ متحدہ کے چارٹر، عالمی انسانی حقوق کے اعلامیوں اور جنیوا کنونشنز کی کھلی خلاف ورزی قرار دیا۔

کنوینر غلام محمد صفی نے کہا کہ پاکستان وہ واحد ملک ہے جو مسلسل مسئلہ کشمیر کو نہ صرف علاقائی بلکہ عالمی سطح پر بھی اجاگر کر رہا ہے۔پاکستانی قیادت نے ہمیشہ کشمیریوں کی سیاسی، اخلاقی اور سفارتی حمایت کی ہے اور آج بھی کشمیریوں کے زخموں پر مرہم رکھنے والی سب سے مضبوط آواز ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کا یہ غیر متزلزل موقف دنیا کے سامنے بھارت کے جھوٹے بیانیے کو بے نقاب کرتا آ رہا ہے۔انہوں نے اقوامِ متحدہ، او آئی سی، یورپی یونین، انسانی حقوق کی عالمی تنظیموں اور مہذب دنیا سے مطالبہ کیا کہ وہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں جاری ریاستی جبر و استبداد کا سنجیدگی سے نوٹس لیں اور کشمیری عوام کو ان کا حقِ خودارادیت دلانے کے لیے ٹھوس اور فوری اقدامات کریں۔