حب کینال ٹو میں سنگین کرپشن، 12 ارب 76کروڑ روپے ضائع، نیب فوری تحقیقات کرے ،ْ سیف الدین ایڈوکیٹ

بدھ 6 اگست 2025 22:32

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 06 اگست2025ء)اپوزیشن لیڈر کے ایم سی اورجماعت اسلامی کے نائب امیر سیف الدین ایڈوکیٹ نے حب ڈیم سے کراچی کو پانی فراہم کرنے والی نہر، حب کینال ٹو، میں ناقص میٹریل کے استعمال، بدعنوانی اور اربوں روپے کے فنڈز کے ضیاع پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ جماعت اسلامی کے منتخب بلدیاتی نمائندے اس سنگین کرپشن کے خلاف سٹی کونسل میں قرارداد پیش اور بھرپور احتجاج کریں گے ۔

اپوزیشن لیڈر نے نیب سے مطالبہ کیا کہ وہ اس منصوبے میں ہونے والی کرپشن پر فوری تحقیقات کرے۔سیف الدین ایڈوکیٹ نے کہا کہ حب کینال ٹو کی مرمت و تعمیر میں اربوں روپے خرچ کیے گئے لیکن نہر کی موجودہ حالت انتہائی خراب ہے، جس سے صاف ظاہر ہوتا ہے کہ واٹر بورڈ کی کرپٹ لابی نے 12 ارب 76کروڑ روپے کی خطیر رقم جو عوام کے خون پسینے کا پیسہ ہے کرپشن اور نا اہلی کی نذر کر دیا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ اگر 14 اگست کے موقع پر صرف لیپا پوتی کرکے نہر میں پانی چھوڑا گیا تو یہ پانی کراچی پہنچنے کے بجائے زمین میں جذب ہو جائے گا اور سائٹ، کیماڑی، اور ضلع غربی سمیت کراچی کی بڑی آبادی پینے کے پانی سے محروم رہے گی۔ حب کینال کراچی کے صنعتی اور رہائشی علاقوں کے لیے لائف لائین ہے، اس میں ہونے والی بدعنوانی کو کسی صورت معاف نہیں کیا جا سکتا۔

انہوں نے کراچی واٹر اینڈ سیوریج کارپوریشن میں نان ٹیکنیکل ملازمین کی بھرتیوں کو بھی ادارے کی تباہی کی ایک بڑی وجہ قرار دیا اور کہا کہ یہ تمام اقدامات عوام کے ساتھ ظلم کے مترادف ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نہر میںپڑنے والی دراڑیں، ٹوٹ پھوٹ اور ناقص تعمیر کو نظر انداز نہیں کیا جا سکتا۔ بظاہر ایسا لگتا ہے کہ 12 ارب روپے سے زائد کی رقم محض کاغذی کارروائی میں خرچ کر دی گئی ہے، اور اصل کام صفر ہے۔جماعت اسلامی کراچی کے عوام کے حقوق کے لیے ہر سطح پر آواز بلند کرے گی ۔