جموںوکشمیر کا ریاستی درجہ اب بحال ہونا چاہیے ،عمر عبداللہ

بدھ 6 اگست 2025 20:50

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 اگست2025ء) بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموںوکشمیر کے وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے بھارتی کی بڑی سیاسی جماعتوں پر زور دیا ہے کہ وہ پارلیمنٹ کے جاری اجلاس کے دوران مقبوضہ علاقہ کی ریاستی حیثیت کی بحالی کے لیے ایک بل پیش کرنے کی حمایت کریں۔

(جاری ہے)

کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق عمر عبداللہ نے سرینگر میں صحافیوں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ میں نے ان تمام جماعتوں کو ایک خط لکھا ہے جن کی پارلیمنٹ میں اپنے ارکان کی اچھی تعداد ہے اور ان سے درخواست کی ہے کہ وہ جموں و کشمیر کو ریاست کا درجہ دینے کے وعدے کو پورا کرانے میں مدد کریں اور اس معاملہ کو پارلیمنٹ میں اٹھائیں تاکہ اس سیشن میں ایک بل لایا جائے اور جموں و کشمیر کو ریاست کا درجہ مل سکے۔

عمر عبداللہ نے کہا کہ ریاست کا درجہ اب بحال ہونا چاہیے ، جموںوکشمیر کے لوگوں سے اسکا وعدہ کیا گیا ہے جو پورا ہونا چاہیے۔