آل پاکستان متحدہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن کے تحت "پیغامِ امن کرکٹ ٹورنامنٹ" کا جامعہ کراچی میں شاندار آغاز

ماہ آزادی میں جامعہ کراچی میں امن و آشتی کے پرچار کا ذمہ اے پی ایم ایس او کے سر ہے، کھیل نوجوانوں کی شخصیت سازی اور معاشرتی ہم آہنگی کا موثر ذریعہ ہیں،ایسے مثبت اقدامات سے ہم شدت پسندی کے بیانیے کو شکست دے سکتے ہیں، ڈاکٹر فاروق ستار

بدھ 6 اگست 2025 20:55

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 06 اگست2025ء)آل پاکستان متحدہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن کے زیر اہتمام جامعہ کراچی میں "پیغامِ امن کرکٹ ٹورنامنٹ" کا باقاعدہ آغاز ہو گیا، جس میں جامعہ کراچی کے مختلف شعبوں کی ٹیموں نے شرکت کی۔ٹورنامنٹ کے افتتاحی دن کی تقریب میں متحدہ قومی موومنٹ کے سینئر مرکزی رہنما ڈاکٹر فاروق ستار نے خصوصی شرکت کی اور کھلاڑیوں کا حوصلہ بڑھایا، تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا کہ ماہ آزادی میں جامعہ کراچی میں امن و آشتی کے پرچار کا ذمہ اے پی ایم ایس او کے سر ہے، امن، برداشت اور بھائی چارے کو فروغ دینے کے لیے کھیلوں کا انعقاد نہایت خوش آئند قدم ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں اپنے نوجوانوں کو میدانِ عمل میں لانے کے لیے تعلیم کے ساتھ ساتھ کھیلوں جیسے صحت مند مواقع فراہم کرنے ہوں گے، تاکہ وہ ایک مثبت، بااعتماد اور پرامن شہری بن سکیں۔

(جاری ہے)

ڈاکٹر فاروق ستار نے مزید کہا کہ پیغامِ امن کرکٹ ٹورنامنٹ جیسے اقدامات ہمارے تعلیمی اداروں میں برداشت، رواداری اور قومی یکجہتی کے جذبات کو فروغ دیتے ہیں، جو وقت کی اہم ضرورت ہے۔

تقریب میں شیخ الجامعہ ڈاکٹر خالد عراقی، مرکزی رہنما کشور زہرہ، ابوبکر,رکن صوبائی اسمبلی قر العین سمیت اے پی ایم ایس او کی مرکزی کمیٹی کے انچارج حافظ شہریار، سینئر جوائنٹ انچارج ریحان شاہ و اراکین مرکزی کمیٹی و جامعہ کراچی سیکٹر کے آرگنائزر فرحان خان و کمیٹی، اے پی اے ایم ایس او کے کارکنان اور طلبہ کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ افتتاحی میچ میں نوجوان کھلاڑیوں نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کیا، اور طلبہ نے بھی بڑی تعداد میں شرکت کر کے ایونٹ کو کامیاب بنایا۔ٹورنامنٹ آئندہ دنوں میں جاری رہے گا، اور فائنل میچ کے اختتام پر نمایاں کارکردگی دکھانے والے کھلاڑیوں کو اعزازات سے نوازا جائے گا۔