نااہلی کیس ، پشاور ہائیکورٹ کا عمرایوب اور شبلی فراز کیخلاف مزید کارروائی روکنے کا حکم

عدالت نے الیکشن کمیشن اور دیگر فریقین کو نوٹس جاری کردیا ،سماعت 20اگست تک ملتوی

بدھ 6 اگست 2025 21:25

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 06 اگست2025ء)پشاور ہائیکورٹ نے پاکستان تحریک انصاف کے رہنما عمر ایوب اور شبلی فراز کی نااہلی کی کارروائی کو روکتے ہوئے حکم امتناع جاری کردیا۔ پی ٹی آئی رہنما عمر ایوب اور شبلی فراز کا الیکشن کمیشن نااہلی کے خلاف دائر درخواستوں پر پشاور ہائیکورٹ نے محفوظ فیصلہ سنا دیا۔عدالت نے الیکشن کمیشن کو درخواست گزاروں کے خلاف مزید کارروائی سے روکتے ہوئے حکم دیا کہ 5 اگست کو جاری ہونے والے نااہلی کے نوٹی فکیشن پر مزید کارروائی نہ کی جائے۔

عدالت نے الیکشن کمیشن اور دیگر فریقین کو نوٹس جاری کردیا جاری کرتے ہوئے سماعت کو 20 اگست تک ملتوی کردیا۔عدالت کی جانب سے دو صفحات پر مشتمل تحریری حکم نامہ جاری کیا گیا جس میں لکھا ہے کہ الیکشن کمیشن 5 اگست نوٹیفکیشن پر مزید کارروائی نہ کریں، اس ضمن میں تمام فریقین کو نوٹس جاری کیا جارہا ہے اور اگلی سماعت پر ا ن سے جواب طلب کیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

فیصلے میں لکھا گیا ہے کہ درخواست گزار کے وکیل کے مطابق انسداد دہشت گردی عدالت نے ملزم کی غیر موجودگی میں فیصلہ کیا، درخواست گزار نے اس عدالت کے سامنے سرنڈر کیا ہے، اور حفاظتی ضمانت حاصل کیا۔حکم نامے کے مطابق درخواست گزاروں نے سزا کیخلاف اپیل دائر کرنے کے لئے لاہور ہائیکورٹ تک رسائی کی مہلت مانگی ہے اور انہیں جو سزا ہوئی وہ حتمی نہیں، الیکشن کمیشن نے درخواست گزارکو سنے بغیر نااہل قرار دیا۔

حکم نامے میں لکھا گیا ہے کہ الیکشن کمیشن نے درخواست گزاروں کو سنے کا موقع فراہم نہیں کیا، الیکشن کمیشن 5 اگست فیصلے پر مزید کارروائی نہ کریں۔قبل ازیں پشاور ہائی کورٹ نے شبلی فراز اور زرتاج گل کی ضمانت کے لیے دائر درخواست پر محفوظ کیا گیا فیصلہ سنادیا اور دونوں کو 11 اگست تک حفاظتی ضمانت دے دی۔عدالت نے زرتاج گل اور شبلی فراز کو 11 اگست تک متعلقہ ہائیکورٹ میں پیش ہوکر اپیل دائر کرنے کی ہدایت کی ہے اور حکم دیا ہے کہ اس وقت انہیں گرفتار نہ کیا جائے۔