امریکی ٹیرف وارز برکس ممالک کو متحد ، ڈالر کو کمزور کر سکتی ہیں، روس

جمعرات 7 اگست 2025 10:40

ماسکو (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 اگست2025ء) روس نے کہا ہے کہ امریکی ٹیرف وا ر برکس ممالک کو متحد اور امریکی کرنسی ڈالر کو کمزور کرنے کا باعث بن سکتی ہے ۔ تاس کے مطابق روسی سینٹر الیکسی پشکوف نے کہا ہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی تجارتی جنگوں کے نتیجے میں برکس ممالک میں اتحاد مضبوط ہو سکتا ہے، جو ٹرمپ کی اصل خواہش کے بالکل خلاف ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ برازیل کے صدر لولا دا سلوا برکس رہنماؤں کو بلانے کی تیاری کر رہے ہیں تاکہ امریکی ٹیکسز کے خلاف مشترکہ حکمت عملی تیار کی جا سکے۔ اگر یہ ممکن ہوا تو یہ برکس اور امریکا کے درمیان کشیدگی کو ایک نئے مرحلے میں لے جائے گا۔ واضح رہے ڈونلڈ ٹرمپ نے حال ہی میں بھارت اور برازیل سمیت کئی برکس ممالک پر درآمدی ٹیکسز میں اضافہ کیا ہے، جس کا مقصد تجارتی توازن برقرار رکھنا تھا، لیکن اس کا نتیجہ برکس کے اتحاد کو مضبوط کرنے کی صورت میں نکل سکتا ہے۔