برازیلی صدر نے درآمدی ٹیرف عائد کرنے پر امر یکا کو جواب دینے کے لیے برکس رہنماؤں کا اجلاس بلانے کی تجویز پیش کر دی

جمعرات 7 اگست 2025 11:52

برازیلیا (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 اگست2025ء) برازیل کےصدر لوئیز اناسیو لولا ڈا سلوا نے درآمدی ٹیرف عائد کرنے پر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو جواب دینے کے لیے برکس رہنماؤں کا اجلاس بلانے کی تجویز پیش کر دی ۔ برطانوی خبر رساں ادارے رائٹرز کو انٹرویو میں برازیلی صدر نے کہا کہ وہ اس معاملہ پر برکس کے رکن دیگر ممالک کے رہنمائوں کے ساتھ تبادلہ خیال کریں گے۔

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے برکس کے رکن ملک برازیل پر رواں ماہ کے آغاز میں 50 فیصد ٹیرف عائد کر دیا ہے اور برکس کے دوسرے رکن ملک بھارت پر اگست کے آخر تک اسی شرح سے ٹیرف عائد کرنے کا اعلان کیا ہے اور روس سے خام تیل کی خریداری پر چین کو بھی ٹیرف میں اضافے کی دھمکی دی ہے۔ برازیلی صدر نے کہا کہ وہ برکس کے رکن ممالک کے رہنمائوں سے رابطے کر کے ان سے امریکی ٹیرف سے نمٹنے کے طریقوں پر تبادلہ خیال کریں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ وہ اس سلسلسہ میں پہلے چینی صدر شی جن پنگ سے رابطہ کریں گے اور بعدا زاں بھارتی اور دیگر رہنما ئوں سے بات چیت کریں گے۔ اس بات چیت میں ہم اس بات کا تفصیلی جائزہ لیں گے کہ امریکی ٹیرف سے برکس کے ہر ایک رکن ملک پر کیا اثرات مرتب ہو رہے ہیں اور اس کے بعد ہم کوئی فیصلہ کریں گے۔برازیلی صدر نے کہا کہ ڈونلڈ ٹرمپ کثیر جہتی کو ختم کرنے اور یکطرفہ اقدامات کرنے کے رجحان کو فروغ دینے کی کوشش کر رہے ہیں، وہ دوسرے ممالک کے ساتھ ون آن ون بات چیت کرتے ہیں اور صرف اپنے ملک کے فائدہ کو مد نظر رکھتے ہیں کیونکہ اس صورت حال میں چھوٹے ممالک کے پاس امریکا کے خلاف سودے بازی کی کوئی طاقت نہیں ہوتی۔