فیسکونے ''اپنا میٹر، اپنی ریڈنگ''پروگرام کا آغازکردیا

جمعرات 7 اگست 2025 12:37

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 اگست2025ء) وفاقی وزیر توانائی اویس لغاری اور چیف ایگزیکٹو فیسکو انجینئر محمد عامر کی خصوصی ہدایات کی روشنی میں فیصل آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی(فیسکو)نے ''اپنا میٹر، اپنی ریڈنگ''پروگرام کا آغازکر دیاہے جو کہ وزیراعظم پاکستان کے ویژن ''ڈیجیٹل پاکستان'' کی عملی تصویراورایک انقلابی اقدام ہے جس کا بنیادی مقصد صارفین بجلی کو پاور سمارٹ ایپ کے بنیادی فیچر اپنا میٹر اپنی ریڈنگ کے بارے میں شعور اجاگر کرنا ہے تا کہ صارفین بجلی خود اپنے موبائل سے بجلی میٹر کی تصویر اپ لوڈ کر کے درست بل بجلی حاصل کر سکیں۔

فیسکو ترجمان سعید رضا کے مطابق فیسکو نے تمام آپریشن سرکلز جن میں فرسٹ، سیکنڈ، سرگودھا، ٹوبہ ٹیک سنگھ، میانوالی اور جھنگ شامل ہیں کے کسٹمرسروسز سنٹر میں پاور سمارٹ ایپ کو ڈاؤن لوڈ کرنے اوراس کے فیچر اپنا میٹر اپنی ریڈنگ کے استعمال متعلق خصوصی فلیکسز آویزاں کر دی ہیں علاوہ ازیں تمام معلومات پر مبنی بروشرز بھی فراہم کر دیئے ہیں۔

(جاری ہے)

انھوں نے بتایا کہ فیسکو کے آٹھوں اضلاع کی اہم شاہراہوں اور مصروف شاپنگ سنٹرر پر سٹیمرز اور بل بورڈ بھی لگائے گئے ہیں تاکہ عوام الناس کو اپنا میٹر اپنی ریڈنگ کے بارے میں معلومات حاصل ہوں۔ انھوں نے بتایا کہ فیسکو کی جانب سے سوشل میڈیا جن میں فیس بک، لنکڈان، ٹک ٹاک، یو ٹیوب اورانسٹاگرام شامل ہیں پر بھی بھرپور کمپین جاری ہے جس سے نہ صرف صارفین بجلی کو پاور سمارٹ ایپ کے بارے میں معلومات حاصل ہو رہی ہیں بلکہ و ہ اس ایپ کو ڈاؤن لوڈ کر کے اس سے مستفید بھی ہو رہے ہیں۔

انھوں نے بتایا کہ پاور سمارٹ موبائل ایپلیکیشن گوگل پلے اسٹوراینڈرائیڈیا ایپ اسٹور سے ڈاؤن لوڈ کی جا سکتی ہے۔ ایپ کے استعمال کیلئے صارف سائن اپ پر کلک کرنے کے بعد اپنی متعلقہ ڈسکو ز پر کلک کر کے نام،ای میل، موبائل نمبر، سی این آئی سی نمبر اور پاس ورڈ کی معلومات کی فراہمی کے بعد رجسٹرڈ ہو گا۔ اس کے بعد سائن ان کیلئے صارف اپنا ای میل، سی این آئی سی نمبر یا موبائل نمبر اور پاس ورڈ استعمال کرنے کے بعد سیلف ریڈنگ پر کلک کر کے حوالہ نمبر کا اندراج کرے گااوراپنی متعلقہ ریڈنگ کی تاریخ پرمیٹر کی ریڈنگ کی تصویر لے کر اپ لوڈ کر دے گا۔

اس ایپ کے ذریعے جمع کرائی گئی صارف کی میٹر ریڈنگ کی تصویر کو اس ڈسٹری بیوشن کمپنی کی اسی بلنگ سائیکل میں لی گئی ریڈنگ کی تصویرپر فوقیت دی جائے گی، یعنی صارف کی بھیجی گئی ریڈنگ کو حتمی سمجھا جائے گااوربعدازاں صارف کی اپلوڈ کی گئی ریڈنگ کی بنیاد پراس کا ماہانہ بل تیار کیا جائے گااور بل پر تصویر کے ساتھ اپنا میٹر اپنی ریڈنگ بھی لکھا جائے گا۔انھوں نے فیسکو صارفین بجلی سے اپیل کی کہ وہ پاور سمارٹ ایپ کواپنے موبائل کے ذریعے زیادہ سے زیادہ ڈاؤن لوڈ کر یں اور اس کے فیچر اپنا میٹر اپنی ریڈنگ سے خود اپنی بلنگ کریں۔