پاک امریکہ تعلق آزمودہ، بااعتماد اور پائیدار شراکت داری کی مثال ہے‘مریم نوازشریف

جمعرات 7 اگست 2025 13:46

پاک امریکہ تعلق آزمودہ، بااعتماد اور پائیدار شراکت داری کی مثال ہے‘مریم ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 اگست2025ء) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان اور امریکہ کا تعلق ایک آزمودہ، بااعتماد اور پائیدار شراکت داری کی مثال ہے۔وزیراعلیٰ مریم نواز شریف سے لاہور میں تعینات ہونے والے امریکہ کے نئے قونصل جنرل اسٹیٹسن سینڈرز نے ملاقات کی، وزیراعلی نے اسٹیٹسن سینڈرز کو لاہور آمد پر خوش آمدید کہا اور قونصل جنرل کا منصب سنبھالنے پر دلی مبارکباد دی۔

ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور، تجارتی تعلقات، توانائی تعاون، ٹیکنالوجی، زراعت اور تعلیمی تبادلوں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا، وزیراعلی مریم نواز شریف نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے پاکستان اور بھارت کے درمیان ثالثی کی کوششوں کو سراہا۔

(جاری ہے)

وزیراعلی مریم نواز نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اسٹیٹسن سینڈرز کی تعیناتی تب ہوئی جب پاکستان اور امریکہ کے تعلقات میں مثبت پیش رفت دیکھنے میں آ رہی ہے، پاک امریکہ تعلقات کئی دہائیوں پر محیط ایک قابلِ اعتماد، مستحکم اور دور رس شراکت داری کی بنیاد پر قائم ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ عوامی رابطوں، تجارتی تعاون اور مشترکہ مفادات نے پاک امریکہ پارٹنرشپ کو مزید مضبوط کیا ہے، 2024ء میں پاکستان اور امریکا کے درمیان تجارتی حجم میں اضافہ خوش آئند امر ہے، امریکہ پاکستان کا سب سے بڑا تجارتی شراکت دار اور قابلِ اعتماد اقتصادی پارٹنر ہے۔وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ پاکستانی نژاد امریکی برادری دونوں ممالک کے درمیان عوامی روابط کی ایک مضبوط کڑی ہے، اپریل 2025ء میں امریکی کانگریشنل پاکستان کاکس سے بھی ملاقات کر چکی ہوں۔

مریم نواز نے بتایا کہ پنجاب میں ہر سال 20ہزار سے زائد آئی ٹی گریجویٹس فارغ التحصیل ہو رہے ہیں، پنجاب پاکستان کی زرعی ریڑھ کی ہڈی ہے، پنجاب حکومت واٹرایفیشنٹ فارمنگ، پریسیژن ایگریکلچراور کولڈ چین انفرااسٹرکچر کی ترقی کو ترجیح دے رہی ہے، امریکی ایگریکلچر ٹیکنالوجی کمپنیاں پنجاب میں سرمایہ کاری کے بے شمار مواقع سے فائدہ اٹھا سکتی ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاک امریکہ تعلق کو ایک جامع، سٹریٹجک اورعوامی مفاد پر مبنی پارٹنرشپ میں تبدیل کرنے کے لئے پرعزم ہیں، پنجاب میں جدید ترین ٹیکنالوجی سے لیس نئی الیکٹرک ٹرین متعارف کرائی جا رہی ہے، پنجاب میں اپنی چھت اپنا گھر کے تحت چند ماہ کے قلیل عرصے میں پبلک سیکٹر ہائوسنگ میں قابل تقلید مثال قائم کی ہے۔