اسرائیلی فوجی سربراہ کی غزہ جنگ میں توسیع کی مخالفت

غزہ کے بقیہ حصے پر قبضہ سے اسرائیلی فوج بڑی مشکل میں پھنس سکتی ہے،ایال زمیر

جمعرات 7 اگست 2025 17:10

تل ابیب (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 اگست2025ء)اسرائیل کے فوجی سربراہ ایال زمیر نے غزہ جنگ میں توسیع کی مخالفت کر دی جس کے بعد نیتن یاہو پر دباو مزید بڑھ گیا ہے۔بین الاقوامی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق 3 گھنٹے تک جاری رہنے والی ایک میٹنگ کے دوران اسرائیل کے فوجی سربراہ ایال زمیر نے نیتن یاہو کو خبردار کیا کہ غزہ کے بقیہ حصے پر قبضہ کرنے سے اسرائیلی فوج اس علاقے میں بڑی مشکل میں پھنس سکتی ہے اور وہاں یرغمال بنائے گئے افراد کو نقصان پہنچ سکتا ہے۔

(جاری ہے)

اسرائیلی فوج کا کہنا تھا کہ تقریبا 2 سال کی جنگ کے بعد ہمارا پہلے ہی غزہ کے 75 فیصد حصے پر کنٹرول ہے۔اسرائیلی فوج نے بارہا غزہ پر فوجی حکمرانی نافذ کرنے، اس علاقے کو الحاق کرنے اور وہاں یہودی بستیوں کی تعمیر کرنے کی مخالفت کی ہے۔اس حوالے سے اسرائیلی وزیر دفاع اسرائیل کاٹز نے سوشل میڈیا ویب سائٹ ایکس پر لکھا کہ اپنی رائے کا اظہار کرنا فوجی سربراہ کا حق بھی ہے اور فرض بھی لیکن اسرائیلی فوج تمام جنگی مقاصد کے حصول تک حکومت کے فیصلوں پر عمل کرے گی۔