نائب وزیراعظم محمد اسحاق ڈار کی زیرصدارت کابینہ کمیٹی برائے ضروری نقد آور فصلوں کا اجلاس، کپاس کے شعبے کا جامع جائزہ لیا گیا

جمعرات 7 اگست 2025 17:33

نائب وزیراعظم  محمد اسحاق ڈار کی زیرصدارت کابینہ کمیٹی برائے ضروری ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 اگست2025ء) نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے کپاس کو قومی معیشت میں مرکزی حیثیت دلانے، عالمی مسابقت کو مضبوط بنانے اور کسانوں کی آمدنی بڑھانے کے لیے مربوط، شواہد پر مبنی اور قابل عمل اقدامات کی ضرورت پر زور دیا ہے اور وزارت قومی غذائی تحفظ کو ہدایت کی ہے کہ وہ ایک ایکشن پلان تیار کریں تاکہ گزشتہ اجلاسوں میں کئے گئے پالیسی مشوروں کو قابل عمل اقدامات میں تبدیل کیا جا سکے۔

نائب وزیراعظم آفس سے جاری پریس ریلیز کے مطابق نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے کابینہ کمیٹی برائے ضروری نقد آور فصلوں کے چوتھے اجلاس کی صدارت کی۔ کمیٹی نے پاکستان کے کپاس کے شعبے کا جامع جائزہ لیا۔

(جاری ہے)

تبادلہ خیال کے دوران پیداوار اور منافع میں اضافہ، بیج کے معیار کو بہتر بنانے، ٹیکنالوجی اور تحقیق کو اپنانے، موسمیاتی خطرات سے نمٹنے اور عوامی و نجی سطح پر کپاس کی ویلیو چین کے تمام سٹیک ہولڈرز کو متحرک کرنے پر توجہ مرکوز کی گئی۔

نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ نے کپاس کو قومی معیشت میں مرکزی حیثیت دلانے، عالمی مسابقت کو مضبوط بنانے اور کسانوں کی آمدنی بڑھانے کے لیے مربوط، شواہد پر مبنی اور قابل عمل اقدامات کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے وزارت قومی غذائی تحفظ کو ہدایت کی کہ وہ ایک ایکشن پلان تیار کریں تاکہ گزشتہ اجلاسوں میں کئے گئے پالیسی مشوروں کو قابل عمل اقدامات میں تبدیل کیا جا سکے۔ اس کے لیے ایک فالو اپ کمیٹی تشکیل دی جائے گی۔ اجلاس میں وزیر قومی غذائی تحفظ، وزیر اعظم کے معاون خصوصی طارق باجوہ، وزارت تجارت، ایف بی آر، ایم این ایف ایس آر کے اعلیٰ نمائندوں کے علاوہ صوبائی حکومتوں اور دیگر متعلقہ محکموں اور سٹیک ہولڈر تنظیموں کے اہلکاروں نے شرکت کی۔