حضرت شاہ عبداللطیف بھٹائیؒ کے 282ویں سالانہ عرس کے انتظامات مکمل، بھٹ شاہ لوڈشیڈنگ فری قرار

جمعرات 7 اگست 2025 17:37

حیدرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 اگست2025ء) سندھ کے عظیم صوفی شاعر، مفکر اور بزرگ حضرت شاہ عبداللطیف بھٹائیؒ کے 282ویں سالانہ تین روزہ عرس مبارک کے انتظامات کو حتمی شکل دے دی گئی ہے۔ عرس 14 سے 16 صفر المظفر 1447 ہجری، بمطابق 9 تا 11 اگست 2025، بھٹ شاہ میں عقیدت، احترام اور شایانِ شان طریقے سے منایا جائے گا۔ اس سلسلے میں ڈویژنل کمشنر حیدرآباد فیاض حسین عباسی اور ڈی آئی جی طارق رزاق دھاریجو کی زیر صدارت بھٹ شاہ ریسٹ ہاؤس میں ایک اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا، جس میں مختلف محکموں کے افسران نے شرکت کی اور اپنے انتظامات سے آگاہ کیا گیا ۔

حیسکو کو بھٹ شاہ کو لوڈشیڈنگ فری زون قرار دینے اور فنی خرابی کی صورت میں جنریٹرز کی دستیابی یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی۔

(جاری ہے)

محکمہ صحت، پی پی ایچ آئی اور ریسکیو 1122 کو ہائی الرٹ رکھا جائے گا، طبی کیمپس، ایمبولینسز اور مچھر مار اسپرے کی سرگرمیاں روزانہ کی بنیاد پر انجام دی جائیں گی۔ فیصلہ کیا گیا کہ عرس کے دوران 2688 پولیس اہلکار، 100 لیڈی پولیس اور رینجرز اہلکار تعینات ہوں گے۔

واک تھرو گیٹس، سی سی ٹی وی کیمروں، کنٹرول رومز اور مسلسل گشت کے ذریعے سکیورٹی یقینی بنائی جائے گی۔ محکمہ اوقاف کو ہدایت کی گئی کہ درگاہ کے اطراف چراغاں، سبیلیں اور صفائی کے انتظامات مکمل کیے جائیں۔ میونسپل کمیٹی بھٹ شاہ تجاوزات ختم کرکے روشنی، نکاسی آب اور صفائی ستھرائی کے خصوصی انتظامات کرے گی۔ محکمہ روڈز ہیلی پیڈ اور درگاہ تک سڑک کی مرمت مکمل کرے گا۔

ڈپٹی کمشنر مٹیاری محمد یوسف شیخ نے بتایا کہ لاکھوں زائرین کی آمد متوقع ہے، جن کے لیے تمام سہولیات فراہم کی جائیں گی۔ اس سال پارکنگ ایریاز سے درگاہ تک مفت شٹل سروس بھی چلائی جائے گی، جبکہ شیڈز، ہیٹ اسٹروک کیمپس اور ٹھنڈے پانی کی سبیلیں بھی قائم کی جائیں گی۔ عرس کی تقریبات کے دوران خیرپور، مورو اور کراچی سے ماتمی جلوسوں کی آمد کے پیشِ نظر راستوں کی صفائی اور سکیورٹی کے خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں۔

محکمہ ثقافت کے ڈپٹی ڈائریکٹر عادل احمد بھایو نے تقریبات کے شیڈول سے متعلق تجاویز پیش کیں۔ اجلاس سے قبل کمشنر حیدرآباد نے حضرت شاہ عبداللطیف بھٹائیؒ کے مزار پر چادر چڑھائی، دعا کی اور ہیلی پیڈ سمیت مختلف مقامات کا دورہ کیا۔ اس موقع پر ایچ ٹی سورلی ہال میں نئے کیمپ آفس کا افتتاح اور بھٹ شاہ ثقافتی مرکز میں شجرکاری مہم کا آغاز بھی کیا گیا۔