Live Updates

5 اگست کی تحریک نے ثابت کر دیا قوم عمران خان کے ساتھ کھڑی ہے، حلیم عادل شیخ

سندھ بھر میں عوام کا پرجوش احتجاج، ظلم کے خلاف ڈٹ جانے کا عزم ہے، صدر تحریک انصاف سندھ

جمعرات 7 اگست 2025 18:04

5 اگست کی تحریک نے ثابت کر دیا قوم عمران خان کے ساتھ کھڑی ہے، حلیم عادل ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 اگست2025ء) پاکستان تحریک انصاف سندھ کے صدر حلیم عادل شیخ نے کہا ہے کہ عمران خان کو اڈیالہ جیل میں تنہا قید میں رکھنا آئین، انصاف اور انسانی حقوق کی کھلی خلاف ورزی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کے سرپرست اعلیٰ کے ساتھ دہشت گردوں سے بھی بدتر سلوک کیا جا رہا ہے، جو کہ ظلم اور فسطائیت کی بدترین مثال ہے۔

حکومت ریاستی جبر اور طاقت کے استعمال سے ہماری تحریک کو نہیں روک سکتی۔ یہ جدوجہد اب رکنے والی نہیں، اور عمران خان کی رہائی تک جاری رہے گی۔حلیم عادل شیخ نے کہا کہ 5 اگست کی احتجاجی تحریک نے واضح کر دیا ہے کہ قوم عمران خان کے ساتھ کھڑی ہے۔ سندھ کے عوام نے بھرپور انداز میں احتجاج کیا اور ریاستی تشدد، شیلنگ اور گرفتاریوں کے باوجود خوف کی زنجیریں توڑ دیں۔

(جاری ہے)

عوام کے حوصلے بلند ہیں اور وہ آئینی حقوق کی بحالی کے لیے میدان میں ہیں۔انہوں نے کہا کہ فارم 47 کی جعلی حکومت نے عوام کا مینڈیٹ چوری کیا اور عوام کے آئینی حقوق غصب کیے گئے۔ الیکشن کمیشن کا کردار جانبدار رہا ہے اور اس نے اپنی آئینی حدود سے تجاوز کیا ہے۔ ایسے اقدامات سے جمہوریت کو شدید خطرات لاحق ہو چکے ہیں۔ پاکستان کی عدلیہ کو اپنا وقار بحال کرنا ہوگا، ورنہ ملک میں انصاف دفن ہو جائے گا۔

صدر پی ٹی آئی سندھ نے کہا کہ تحریک انصاف نے ہمیشہ پرامن اور جمہوری جدوجہد کی ہے، جبکہ ریاستی طاقت کا استعمال آمریت اور فسطائیت کی سوچ کو ظاہر کرتا ہے۔ خواتین اور بزرگوں پر تشدد حکومتی فسطائی ذہنیت کا ثبوت ہے۔ آج کا پاکستان غلامی سے بھی بدتر حالات میں ہے، اور قوم کو حقیقی آزادی کی تحریک میں شریک ہونا ہوگا۔ ہماری تحریک عمران خان کی رہائی اور آئین کی بالادستی کے لیے ہے، جو ہر قیمت پر جاری رہے گی۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات