وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کا ماحول اور عوام کی زندگی بچانے کا بڑا فیصلہ

دریائے راوی میں گرنے والے ہڈیارا ڈرین کو زہریلے کچرے اور گندگی سے پاک کرنے کا انقلابی منصوبہ شروع

جمعرات 7 اگست 2025 18:12

وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کا ماحول اور عوام کی زندگی بچانے کا بڑا فیصلہ
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 اگست2025ء) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازشریف کے ویژن کے تحت صوبے بھر میں ماحول اور عوام کی زندگی بچانے کا بڑا فیصلہ کیا گیا جس کے مطابق تاریخوں کے تعین کے ساتھ محکموں اور ضلعی حکام کو اہداف دے دئیے گئے۔ دریائے راوی میں گرنے والے 54کلومیٹر طویل ہڈیارا ڈرین کو صنعتی، زہریلے کچرے اور مضر صحت گندگی سے پاک کرنے کا انقلابی منصوبہ شروع کرنے کا حکم دیا۔

وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے فیصل آباد کی آبادیوں سے صنعتیں اور کارخانے انڈسٹریل سٹیٹ منتقل کرنے کی ہدایت کی۔ سیالکوٹ میں چمڑا رنگنے کی فیکٹریاں بھی فوری طور پر متعلقہ کارخانوں کے لیے مختص علاقے میں منتقل کرنے کا حکم دیا۔ قائداعظم انڈسٹریل اسٹیٹ کے 50 سے زائد صنعتی یونٹس کا زہریلا کچرا ستوکاتلہ ڈرین سے ہڈیارا ڈرین میں ڈالنے سے روکنے کے فوری اقدامات کی ہدایت کی۔

(جاری ہے)

وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کے ویژن کے تحت ماحولیاتی تحفظ کے اداری(ای پی ای) کے ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر عمران حامد شیخ نے سیکرٹر ی صنعت پنجاب، ڈی جی ایل ڈی اے،پنجاب انڈسٹریل اسٹیٹ ڈویلپمنٹ اینڈ مینجمنٹ کمپنی کے چیف ایگزیکٹو کو خط لکھ دئیے۔ ڈی جی ای پی اے نے خط میں لکھا کہ ہاؤسنگ سوسائیٹیوں کے براہ راست یا بلواسطہ ہڈیارا ڈرین میں زہریلاکچراپھینکنے سے ماحولیات، انسانی صحت اور آبی حیات کو شدید خطرہ لاحق ہے۔

قائداعظم انڈسٹریل اسٹیٹ میں 10 ایکڑ پر مشترکہ واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ لگانے پر پیش رفت کی جائے۔ فیصل آباد میں کپڑا بنانے اور رنگنے کے کارخانے، گنجان آبادی والے علاقوں سے ایم 3 انڈسٹریل اسٹیٹ میں منتقل کئے جائیں۔ 98کلومیٹر طویل ہڈیارا ڈرین کا 44 کلومیٹر کا حصہ بھارت میں اور 54 کلومیٹر پاکستان میں ہے۔ ہڈیارا ڈرین سیلابی پانی لیجانے والی آبی گزرگاہ تھی جوصنعتوں اور ہاؤسنگ سوسائیٹیوں کے زہریلے اور مضر صحت گندے نالے میں بدل دیا گیا۔

ہڈیارا ڈرین میں بھارت کی صنعتوں کا بھی صنعتی زہریلا مواد اور کچرا شامل ہورہا ہے۔ پاکستان میں ہڈیارا ڈرین کے ساتھ ساتھ 80 سے زائد صنعتیں ہیں۔ ہڈیارا ڈرین کا پانی زرعی مقاصد اور سبزیاں اگانے کے لئے بھی استعمال ہوتا ہے۔صنعتی کچرے سے پیدا ہونے والی دھاتیں اور جراثیم سبزیوں، پھلوں میں شامل ہوکر انسانی صحت کو شدید نقصان پہنچا رہے ہیں۔ ہڈیارا ڈرین کا دھاتی اور مضراجزا والا پانی پالک، بینگن جیسی سبزیاں اپنے اندر جذب کرلیتی ہیں جس سے جان لیوا بیماریاں پیدا ہورہی ہیں۔ تانبے اور سیسے سے مل کر بننے والی دھات بھی اس پانی سے سبزیوں میں چلی جاتی ہے جس سے انسانی صحت متاثر ہورہی ہے۔