روس اور امریکا کے صدور کے درمیان باالمشافہ ملاقات جلد متوقع

جمعرات 7 اگست 2025 18:28

ماسکو (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 اگست2025ء) روسی حکومت نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ روس کے صدر ولادی میر پیوٹن اور امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی ملاقات آنے والے دنوں میں ہوگی ۔ ملاقات کے مقام پر دونوں ممالک کے حکام کے درمیان اصولی طور پر اتفاق ہو گیا ہے۔ چائنا گلوبل ٹیلی ویژن نیٹ ورک ( سی جی ٹی این ) کی رپورٹ کے مطابق سابق امریکی صدر جو بائیڈن کی جون 2021 میں جنیوا میں روسی صدر ولادی میر پیوٹن سے ملاقات کے بعد یہ دونوں ممالک کے صدور کے درمیان پہلی ملاقات ہو گی۔

یہ ملاقات ایسے وقت میں ہو رہی ہے جب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ روس اور یوکرین کے درمیان تین سال سے زیادہ عرصے سے جاری جنگ کو ختم کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔اس سلسلہ میں روسی اور یوکرینی حکام کے درمیان براہ راست مذاکرات کے تین ادوار میں جنگ بندی کی جانب کوئی پیش رفت نہیں ہو سکی۔

(جاری ہے)

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے گزشتہ روزایک بیان میں کہا تھا کہ امکان ہے کہ وہ اپنے روسی ہم منصب ولادی میر پیوٹن سے بہت جلد باالمشافہ ملاقات کریں گے۔

روس کی سرکاری خبر رساں ایجنسیوں نے جمعرات کو روسی حکومت کےعہدیدار یوری اوشاکوف کے حوالے سے بتایا کہ امریکی تجویز پر آنے والے دنوں میں دو طرفہ سربراہی اجلاس کے انعقاد کے لیے اصولی طور پر ایک معاہدہ طے پا گیا ہے اور زیادہ امکان یہ ہے کہ یہ ملاقات آئندہ ہفتے ہو گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہم اس سلسلسہ میں امریکی حکام کے ساتھ مل کر تفصیلات پر کام کر رہے ہیں۔

اس ملاقات کے اعلان کے بعد روس کی اسٹاک مارکیٹ کے انڈیکس میں 4.5 فیصد اضافہ ہوا۔رپورٹ کے مطابق حال ہی میں روس کا دورہ کرنے والے امریکی عہدیدار سٹیو وٹکوف نے سربراہی ملاقات میں یوکرین کے صدر ولودمیر زیلنسکی کو بھی شامل کرنے کی تجویز پیش کی لیکن روسی حکام کی طرف سے ابھی تک اس کا کوئی جواب نہیں دیا گیا۔ایک سینئر روسی مذاکراتکار کیرل دیمتریف نے اس توقع کا اظہار کیا ہے کہ روسی اور امریکی صدور کی متوقع ملاقات تاریخی موقع ہو گا۔