آڈٹ اینڈ اکاونٹس گروپ کے تربیتی افسران کا اکاونٹنٹ جنرل پنجاب کے دفتر کا دورہ

جمعرات 7 اگست 2025 18:34

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 اگست2025ء) تربیتی پروگرام کے تحت پاکستان آڈٹ اینڈ اکاونٹس سروس کے 52 ویں کامن کے پروبیشنری افسران نے اکاونٹنٹ جنرل پنجاب کے دفتر کا تربیتی دورہ کیا۔ایڈیشنل اکاونٹنٹ جنرل (ایڈمن)میاں شاہد محمود نے ان کا استقبال کیا۔دورہ کے دوران ڈپٹی اکاونٹنٹ جنرل اقصی لودھی نے دفتر اکاونٹنٹ جنرل کے کام، طریقہ کار اور تنظیمی ڈھانچہ پر تفصیلی بریفنگ دی۔

(جاری ہے)

انہوں نے دفتر کی جانب سے شفافیت اور کارکردگی کے فروغ کیلئے کئے گئے کلیدی اقدامات پر بھی روشنی ڈالی۔اکاونٹنٹ جنرل پنجاب نعمانہ گل رخ فرید نے بھی پروبیشنری افسران سے خطاب کیا۔زیر تربیت افسران کیلئے نیک تمناوں کا اظہارکیا اور ان پر زور دیاکہ وہ مالی نظم و ضبط کو فروغ دیں اور عوامی خدمت میں جوابدہی کو فروغ دیں تاکہ پاکستان کو ترقی اور خوشحالی کی راہ پر گامزن کیاجاسکے۔