مستونگ میں وطن کے محافظوں نے جان قربان کر کے فتنہ الہندستان کے منصوبے ناکام بنائے، وزیرریلوے

جمعرات 7 اگست 2025 21:04

مستونگ میں وطن کے محافظوں نے جان قربان کر کے فتنہ الہندستان کے منصوبے ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 اگست2025ء)وفاقی وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی نے پاک فوج کے شہدا کے خاندانوں سے تعزیت اور گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ مستونگ میں وطن کے محافظوں نے جان قربان کر کے فتنہ الہندستان کے منصوبے ناکام بنائے۔ وزارت ریلوے کی جانب سے جمعرات کو جاری اپنے بیان میں وفاقی وزیر نے کہا کہ میجر رضوان طاہر اور ان کے ساتھیوں کی قربانی ہمیشہ یاد رکھی جائے گی۔

محمد حنیف عباسی نے کہا کہ شہدا نیدشمن کے ناپاک عزائم کو بہادری سے کچل کر قوم کا سر فخر سے بلند کیا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پاک فوج کے جوانوں نے فرض کی ادائیگی میں جان کا نذرانہ پیش کیا۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ فتنہ الہندستان روزانہ سازشوں سے پاکستان کا امن خراب کرنا چاہتا ہے لیکن ناکام رہے گا۔ وفاقی وزیر ریلوے نے کہا کہ بھارتی سرپرستی میں پلنے والے دہشت گردوں کو پاک فوج نے انجام تک پہنچا دیا، فتنہ ہندوستان کے خلاف پوری قوم سیسہ پلائی دیوار بن چکی ہے۔ محمد حنیف عباسی نے کہا کہ انشا اللہ پاکستانی قوم فتنہ ہندوستان کے ہر وار کو اتحاد سے ناکام بنائے گی، مستونگ میں بہادر سپاہی دشمن کو منہ توڑ جواب دے کر شہادت کے رتبے پر فائز ہوئے ہیں۔