حکومت قیمتی پتھروں اور زیورات کے شعبے کی بھرپور معاونت کے لیے پرعزم ہے، جام کمال خان

جمعرات 7 اگست 2025 22:10

حکومت قیمتی پتھروں اور زیورات کے شعبے کی بھرپور معاونت کے لیے پرعزم ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 اگست2025ء)وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان نے قیمتی پتھروں اور زیورات کے شعبے کو فروغ دینے اور غیر روایتی برآمدات میں اضافے کے لیے حکومت کی طرف سے بھرپور حمایت کا اعلان کیا ہے۔وزارت تجارت کی طرف سے جاری بیان کے مطابق ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو آل پاکستان اسمال جیمز جیولرز اینڈ ٹریننگ ایسوسی ایشن کے وفد سے ملاقات کے دوران کیا۔

وفد کی قیادت سیکرٹری جنرل قاری محمد اشرف نے کی، جنہوں نے ایس۔آر۔او 760 کی بحالی اور ایس۔آر۔او 924 سے استثنی کی درخواست کی۔ انہوں نے گزشتہ چار برسوں میں شعبے کی طرف سے متعلقہ قوانین کی مکمل پاسداری کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اس فیصلے سے برآمد کنندگان کو غیر ضروری مشکلات کا سامنا ہے۔

(جاری ہے)

وفاقی وزیر نے حکومت کی برآمدات پر مبنی معاشی ترقی کی پالیسی پر روشنی ڈالی اور کہا کہ قیمتی پتھروں اور زیورات کا شعبہ پاکستان کی برآمداتی تنوع حکمت عملی میں اہم کردار ادا کر سکتا ہے۔

انہوں نے متوازن اصلاحات، کاروباری آسانیوں اور چھوٹے برآمد کنندگان و ہنرمندوں کو بہتر رسائی کی ضرورت پر زور دیا۔جام کمال خان نے وفد کی مثبت کاوشوں کو سراہا اور اعلان کیا کہ وزارت تجارت ان کی سفارشات کو وزیراعظم آفس کو بھجوائے گی تاکہ مطلوبہ ہدایات اور پالیسی اقدامات کیے جا سکیں۔عالمی سطح پر پاکستانی مصنوعات کی موجودگی بڑھانے کے لیے وزیر تجارت نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ فرانس، بنگلہ دیش اور ایتھوپیا میں ہونے والے آئندہ بین الاقوامی تجارتی فورمز میں اس شعبے کی بھرپور شرکت کو یقینی بنایا جائے۔

انہوں نے سرکاری و نجی اشتراکِ عمل، مہارت پر مبنی تربیت اور مارکیٹ لنکیج کی اہمیت پر بھی زور دیا۔ وفاقی وزیر نے اس شعبے کی برآمدات میں اضافے اور روزگار کے مواقع پیدا کرنے کے لیے تمام ممکنہ حکومتی معاونت کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ اسٹریٹجک اقدامات کے ذریعے اس شعبے کی غیر استعمال شدہ صلاحیت کو بروئے کار لایا جائے گا۔