ویٹرنز ٹی 20 ورلڈ کپ کا نیشنل گیمز کے شیڈول سے ممکنہ ٹکرا، ٹورنامنٹ ری شیڈول

جمعرات 7 اگست 2025 22:57

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 اگست2025ء)انٹرنیشنل ماسٹرز کرکٹ (آئی ایم سی)نے اوور 40 ٹی 20 کرکٹ ورلڈ کپ 2025 کو ری شیڈول کرنے کا اعلان کیا ہے۔پاکستان ویٹرنز کرکٹ ایسوسی ایشن (پی وی سی ای)کے اعلامیے کے مطابق 35ویں نیشنل گیمز رواں برس کراچی میں 6 سے 13 دسمبر تک شیڈول ہیں، جب کہ اوور 40 ٹی 20 کرکٹ ورلڈ کپ کا انعقاد بھی یکم سے 13 دسمبر تک کروانے کا پلان کیا گیا تھا تاہم نیشنل گیمز میں ملک بھر سے 7 ہزار سے زائد ایتھلیٹس، آفیشلز اور ٹیکنیکل اسٹاف کی شرکت کے باعث پی وی سی اے نے اپنے ٹورنامنٹ کو طے شدہ تاریخوں سے قبل کروانے کا فیصلہ کیا ہے، ٹورنامنٹ اب 21 نومبر سے یکم دسمبر 2025 تک کراچی میں ہی منعقد ہوگا۔

چیئرمین پاکستان ویٹرنز کرکٹ ایسوسی ایشن فواد اعجاز خان کے مطابق 2 میگا ایونٹس کے ایک ساتھ انعقاد سے سندھ حکومت کو لاجسٹکس اور سیکیورٹی کے مسائل درپیش ہو سکتے تھے۔

(جاری ہے)

شیڈول کے ممکنہ ٹکرا سے بچنے، وزیراعلی سندھ مراد علی شاہ کی جانب سے نیشنل گیمز کی اونر شپ لینے اور پاکستان کرکٹ بورڈ کے مشورے پر پی وی سی اے نے اپنے ٹورنامنٹ کو طے شدہ تاریخوں سے قبل کروانے کا فیصلہ کر لیا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ ورلڈ کپ میں شرکت کرنے والی تمام 12 ٹیموں جن میں آسٹریلیا، کینیڈا، جنوبی افریقہ، متحدہ عرب امارات، امریکا، سری لنکا، ویسٹ انڈیز، ہانگ کانگ، سعودی عرب اور زمبابوے شامل ہیں، کو اس فیصلے کے حوالے سے اعتماد میں لے لیا ہے۔پی وی سی اے کی پریس ریلیز کے مطابق ٹی 20 ورلڈ کپ میں مجموعی طور پر 42 میچز کھیلے جائیں گے، جس میں پاکستان ٹیم کے تمام میچز لائیو براڈ کاسٹ اور فلڈ لائٹس میں کھیلے جائیں گے۔