حکمرانوں کی نااہلی و کرپشن، ملک میں 2کروڑ 62لاکھ ، سندھ میں 78لاکھ بچے اسکول سے باہر ہیں ،ْ منعم ظفر خان
جمعرات 7 اگست 2025
23:05
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 اگست2025ء)امیرجماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان نے کہا ہے کہ حکمرانوں کی نااہلی و کرپشن کی وجہ سے پاکستان میں تقریباً 2 کروڑ 62 لاکھ اور صوبہ سندھ میں 78 لاکھ بچے اسکولوں سے باہر اور تعلیم کے بنیادی حق سے محروم ہیں،سندھ کا 613ارب کا تعلیمی بجٹ نا اہلی اور کرپشن کی نذر ہو جاتا ہے ،جماعت اسلامی کا تعلیمی میدان میں کردار ہمیشہ مثالی رہا ہے۔
جماعت اسلامی کے ٹاؤن چیئرمینوں نے اپنے ٹاؤنز میں صرف دو سال کے عرصے میں محدود وسائل کے باوجود 45 سرکاری اسکولوں کو ازسرِنو فعال اور تعلیمی معیار بہتر کیا ۔ اسکولوں میں معیاری فرنیچر، سازگار تعلیمی ماحول اور دیگر سہولیات فراہم کی گئیں۔ ہمارا عزم ہے کہ اگلے دو سال میں اپنے ٹاؤنز کے تمام اسکولوں کی حالت بہتر اور تعلیم کو معیاری بنائیں گے، طلبہ کی تعداد میں اضافہ کریں گے ، پارک اور کھیل کے مزیدمیدان بھی آباد کریں گے تاکہ بچوں کی تعلیمی ترقی کے ساتھ ساتھ جسمانی نشوونما کو بھی یقینی بنایا جا سکے۔
(جاری ہے)
ان خیالات کا اظہار انہوں نے ٹاؤن میونسپل کارپوریشن نیوکراچی کے تحت آرٹس کونسل ڈسٹرکٹ سینٹرل سیکٹر 5-Eنیو کراچی میں ’’تقریب تقسیمِ درسی کتب ‘‘سے خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ تقریب سے امیرجماعت اسلامی ضلع شمالی طارق مجتبیٰ اور ٹاؤن چیئرمین نیو کراچی محمد یوسف نے بھی خطاب کیا۔تقریب میں اسکولوں کے طلبہ و طالبات میں کتابیں اور بیگ تقسیم کیے گئے ،منعم ظفر خان اور محمد یوسف نے ’’آؤ کراچی سر سبز بنائیں شجر کاری مہم‘‘کے سلسلے میں پودا بھی لگایا۔
اس موقع پر سکریٹری ضلع شمالی شکیل احمد ،وائس ٹاؤن چیئرمین شعیب بن ظہیرودیگر بھی موجود تھے۔منعم ظفر خان نے مزیدکہاکہ جماعت اسلامی نے ہمیشہ تعلیم کی اہمیت کو تسلیم کیا ہے اور تعلیمی سفر میں قوم کے معماروں کا ہاتھ تھاما ہے۔ ماضی میں سرکاری اسکولوں میں نہ صرف معیاری تعلیم دی جاتی تھی بلکہ انہی اداروں سے فارغ التحصیل افراد نے پاکستان کی قیادت سنبھالی۔
مگر گزشتہ دو دہائیوں میں سرکاری تعلیمی نظام کو نظر انداز کر دیا گیا جس کی وجہ سے نجی اسکولوں نے ان کی جگہ لے لی اور یوں تعلیم ایک تجارت اور صنعت بن کر رہ گئی۔پاکستان کی تاریخ گواہ ہے کہ اس ملک کی کئی ممتاز اور عالمی سطح پر پہچانی جانے والی شخصیات نے سرکاری اسکولوں سے ہی تعلیم حاصل کی اور دنیا بھر میں پاکستان کا نام روشن کیا۔ ان میں نمایاں مثال عظیم ایٹمی سائنسدان ڈاکٹر عبدالقدیر خان کی ہے جنہوں نے ملک کو ناقابلِ تسخیر قوت بنایا۔
منعم ظفر خان نے کہا کہ ماہ اگست وطن عزیز کی آزادی کا مہینہ ہے اور ہمیں قائداعظم محمد علی جناح کی قیادت میں حاصل کیے گئے، اپنے ملک کی یاد دلاتا ہے، آزادی کے اس مہینے میں ہمیں یہ عہد بھی کرنا ہے کہ ہم اپنے بچوں کو معیاری اور یکساں تعلیم فراہم کریں گے۔ کلمہ طیبہ‘لا الہ الا اللہ’ہمیں جوڑتا ہے، اور تعلیم ہمیں ایک مہذب، باوقار اور ترقی یافتہ قوم بناتا ہے۔
جماعت اسلامی تعلیم کے میدان میں اپنی جدوجہد تیز کرے گی تاکہ پاکستان کو علم و کردار کی بنیاد پر ترقی یافتہ ریاست بنایا جا سکے۔طارق مجتبیٰ نے کہاکہ تعلیم صرف فرد کی ترقی کا ذریعہ نہیں بلکہ قوموں کی بقاء، استحکام اور خوشحالی کا راستہ بھی تعلیم سے ہو کر گزرتا ہے۔ جماعت اسلامی نے ہمیشہ تعلیم کو اپنی جدوجہد کا مرکزی نقطہ بنایا ہے، کیونکہ ہم سمجھتے ہیں کہ جب تک ہمارے بچے تعلیم سے آراستہ نہیں ہوں گے، اس ملک کا مستقبل تابناک نہیں ہو سکتا۔
ہم اسکولوں کی بحالی، اساتذہ کی تربیت، اور طلبہ کو درسی مواد کی فراہمی جیسے اقدامات کو صرف وقتی مہم نہیں بلکہ مسلسل عمل سمجھتے ہیں اور اس کو جاری رکھیں گے ۔ محمد یوسف نے کہاکہ تعلیم کسی بھی معاشرے کی ترقی، تہذیب اور روشن مستقل کی بنیاد ہے۔ اگر ہم اپنے بچوں کو کتابیں دیں گے، علم دیں گے، تو ہم انہیں ایک روشن مستقبل کی طرف لے جائیں گے۔
نیو کراچی ٹاؤن میں تعلیم کی ترویج ہماری اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ آج کی تقریب، صرف درسی کتب کی تقسیم کا ایک معمولی عمل نہیں بلکہ ایک بڑے خواب کی طرف پہلا قدم ہے ،وہ خواب کہ ہمارا ہر بچہ تعلیم یافتہ ہو، ہنر مند ہو اور باوقار شہری بنے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ دور میں والدین کے لیے تعلیم کے اخراجات ایک بڑا چیلنج بن چکے ہیں، اسی ضرورت کو محسوس کرتے ہوئے ٹاؤن میونسپل کارپوریشن نیو کراچی نے فیصلہ کیا کہ ہم اپنے بچوں کو مفت درسی کتب فراہم کریں گے تاکہ کوئی بچہ محض کتاب نہ ہونے کی وجہ سے تعلیم سے محروم نہ رہ جائے۔