پاکستانی سفیر کا گانسو صوبے کا دورہ، دوطرفہ تعاون کو مضبوط بنانے پر زور

جمعرات 7 اگست 2025 22:30

بیجنگ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 اگست2025ء) بیجنگ میں پاکستانی سفیر خلیل ہاشمی نے گانسو صوبے کا مفید دورہ مکمل کر لیا ، جس کا مقصد پاکستان اور چین کے اس تاریخی اور ترقی یافتہ صوبے کے درمیان کثیرالجہتی تعاون کو مزید مضبوط بنانا تھا۔ یہ دورہ 4 سے 6 اگست 2025 تک جاری رہا جس میں توانائی، زراعت اور پیشہ ورانہ تعلیم کے شعبوں میں ترقی کے امکانات کے ساتھ ساتھ عوامی اور ادارہ جاتی روابط کو بھی اجاگر کیا گیا۔

دورے کے دوران سفیر نے گانسو صوبائی کمیٹی کے سیکرٹری، ہو چنگ شینگ، کے ساتھ ایک تفصیلی ملاقات کی، جس میں دونوں اطراف نے حکومت سے حکومت (جی ٹو جی) کاروبار سے کاروبار (بی ٹو بی) اور عوام سے عوام (پی ٹو پی) سطحوں پر تعلقات کو مضبوط بنانے پر زور دیا۔

(جاری ہے)

پاکستانی سفیر نے لانزہو یونیورسٹی کا بھی دورہ کیا، جہاں انہیں پاکستان کے چھوٹے کسانوں کو پانی کی بچت اور کم لاگت پر زیادہ پیداوار دینے والی زرعی ٹیکنالوجیز سے بااختیار بنانے کے لیے جاری تحقیقی منصوبوں کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔

انہوں نے لانزہو نیو ایریا اور جنچوان سائنس پارک جیسے اہم انڈسٹریل زونز کا بھی معائنہ کیا اور ایک ایس گروپ اور لیجنڈ گروپ جیسی معروف کمپنیوں کے نمائندوں سے ملاقات کرتے ہوئے صنعتی اور تکنیکی تعاون کو بڑھانے کے طریقوں پر تبادلہ خیال کیا۔ اس کے علاوہ، گانسو ووکیشنل ایجوکیشن پارک میں پیشہ ورانہ تربیت کے نظام کا بھی مشاہدہ کیا اور ہنر کے فروغ اور نوجوانوں کو بااختیار بنانے کے لیے مستقبل میں تعاون کے طریقوں پر بات چیت کی۔ دورے کے دوران سفیر نے مقامی میڈیا سے بھی بات چیت کی۔ انہوں نے اس دورے کو پاکستان اور گانسو کے تعلقات میں نئی رفتار لانے کے لیے اہم قرار دیتے ہوئے چین اور پاکستان کے اسٹریٹجک شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے پر زور دیا۔\932