کولگام، بھارتی فوجیوں کی محاصرے اور تلاشی کی کارروائی نویں روز بھی جاری

آپریشن کیلئے علاقے میں جدید فوجی سازوسامان بشمول ہیلی کاپٹراور ڈرونز کے علاوہ پیرا کمانڈوزاہلکار تعینات

جمعہ 8 اگست 2025 14:40

سرینگر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 08 اگست2025ء)غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر کے ضلع کولگام میں بھارتی فوجیوں کی تلاشی اور محاصرے کی کارروائی آج جمعہ کو مسلسل روز بھی جاری ہے ۔کشمیر میڈیا سروس کے مطابق فوجی آپریشن جمعرات31جولائی کو کولگام کے علاقے اکھل میں مبینہ طورپر مجاہدین کی موجودگی کی اطلاعات پر شروع کیاتھا۔

(جاری ہے)

بھارتی فورسز نے دعویٰ کیا ہے کہ فائرنگ کے تبادلے میں ایک نوجوان کو شہید کیاگیا ہے جبکہ بھارتی فوج کے چھ اہلکار زخمی ہوئے ہیں۔ بھارتی حکام نے اس کارروائی کو ’’آپریشن اکھل‘‘کا نام دیا ہے اور تصدیق کی ہے کہ علاقے میں رات بھر شدید فائرنگ اور متعدد دھماکوں کی آوازیں سنی گئیں۔یہ آپریشن مقبوضہ کشمیر میں ہونے والی طویل ترین فوجی کارروائیوں میں سے ایک ہے۔بھارتی فوج نے اس آپریشن کیلئے علاقے میں جدید فوجی سازوسامان بشمول ہیلی کاپٹراور ڈرونز کے علاوہ پیرا کمانڈوزاہلکاروں کو بھی تعینات کیا ہے۔ ضلع کے متعدد علاقوں کے داخلی و خارجی راستے بند کر دیے گئے ہیں ،جس سے شہریوں کوشدید مشکلات کا سامنا ہے ۔