بنگلہ دیش کے ڈپٹی ہائی کمشنر امین السلام خان کا رحیم یار خان چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کا دورہ

جمعہ 8 اگست 2025 18:56

رحیم یارخان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 اگست2025ء) بنگلہ دیش کے ڈپٹی ہائی کمشنر امین السلام خان نے رحیم یار خان چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کا دورہ کیا۔ قائم مقام صدر شہیر اقبال اور نائب صدر افضال احمد وڑائچ نے معزز مہمان کا استقبال کیا۔ قائم مقام صدر شہیر اقبال نے تمام مہمانوں کو خوش آمدید کہا ۔ملاقات کے دوران دونوں ممالک کے درمیان دو طرفہ تجارتی تعلقات کے فروغ، سرمایہ کاری کے مواقع، اور صنعت و تجارت میں تعاون بڑھانے پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔

فریقین نے اس بات پر اتفاق کیا کہ پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان جارتی روابط قائم ہونا چاہیےاور پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان وفود کے باہمی تبادلوں سے نہ صرف تجارتی روابط مضبوط ہوں گے بلکہ نئی تجارتی راہیں بھی کھلیں گی۔

(جاری ہے)

ڈپٹی ہائی کمشنر امین السلام خان نے پاکستانی مصنوعات کی بنگلہ دیشی منڈیوں میں رسائی کے امکانات پر روشنی ڈالی، جبکہ چیمبر عہدیداران نے بنگلہ دیشی سرمایہ کاروں کو پاکستان، خصوصاً رحیم یار خان میں سرمایہ کاری کی دعوت دی۔

قائم مقام صدر شہیر اقبال نے کہا کہ چیمبر آف کامرس ہمیشہ سے بین الاقوامی تجارتی تعلقات کو فروغ دینے کے لیے کوشاں رہا ہے اور اس طرح کی ملاقاتیں دونوں ممالک کے لیے نئے مواقع پیدا کرنے میں مددگار ثابت ہونگی۔نائب صدر افضل احمد وڑائچ نے امید ظاہر کی کہ مستقبل میں مشترکہ تجارتی منصوبے دونوں ممالک کے تعلقات کو مزید مضبوط بنائیں گے۔پروگرام کے اختتام پر قائم مقام صدر شہیر اقبال اور نائب صدر افضال احمد وڑائچ اور ایگزیکٹو کمیٹی ممبران نے ڈپٹی ہائی کمشنر امین السلام خان کو یادگاری شیلڈ پیش کی ۔

اس موقع پر ایگزیکٹو ممبران شہروز ندیم، قیصر محمود، جام پرنس فہد، سہیل سلیم، نعمان خالد، حشمت علی، میاں ثاقب سعید، محمد عارف اور ریاض الرحمٰن اور سیکرٹری جنرل عثمان اظہر بھی موجود تھے۔\378