پاکستان بنانے کی تحریک میں علماء ومشائخ کابنیادی کرداررہاہے ،حاجی حنیف طیب

جمعہ 8 اگست 2025 23:01

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 08 اگست2025ء)چیئرمین نظام مصطفی پارٹی سابق وفاقی وزیر پیٹرولیم ڈاکٹر حاجی محمدحنیف طیب نے جامع مسجدفائربریگیڈمیں جمعہ کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ پاکستان14اگست 1947کوبناملک بنانے میں لاکھوں شہداء نے قربانیاں دی وہی علماء ومشائخ نے بھی کلیدی کرداراداکیا قائد اعظم محمد علی جناح کی سربراہی میں آل انڈیا مسلم لیگ کا اجلاس منعقد ہوااس میں فیصلہ کیا گیا کہ پاکستان بنانے کیلئے علماء ومشائخ سے رابطہ قائم کیا جائے تو نوابزادہ لیاقت علی خان کی سربراہی میںایک وفد تشکیل دیا گیا اس وفد نے مولاشاہ عبد العلیم صدیقی رحمة اللہ تعالیٰ علیہ، مجاہد ملت علامہ مولانا عبد الحامد بدایونی رحمة اللہ تعالیٰ علیہ ودیگر علماء سے ملاقاتیں کی اوران سے تعاون کی اپیل کی۔

(جاری ہے)

23مارچ 1940ء کو منٹو پارک (علامہ اقبال پارک )جہاں مینا رپاکستان ہے ،وہاں بھی علماء مشائخ کی نمائندگی کرتے ہوئے شیخ اسلام پیر سید قمرالدین سیالوی ،مجاہد ملت مولاناعبدالحامدبدایونی نے خطاب کیا۔1946میں آل انڈیا سنی کانفرنس میں بڑی تعدادمیں اکابرین ،علماء ومشائخ شریک ہوئے اور پاکستان کے قیام کی حمایت کا اعلان کیا۔قائد اعظم محمد علی جناح نے مجاہدملت مولانا عبد الحامد بدایونی کو فاتح سرحد کا خطاب دیا۔

امیر ملت پیر سید جماعت علی شاہ رحمة اللہ تعالیٰ علیہ سے جب قائد اعظم محمد علی جناح ملنے گئے پاکستان کے قیام کیلئے سب سے زیادہ جو مالی طورپر تعاون کیا وہ پیر سید جماعت علی شاہ صاحب رحمة ُاللہ علیہ کا تھا۔قائد اعظم محمد علی جناح نے علماء ومشائخ کا تعاون حاصل کرنے کیلئے مانکی شریف خودتشریف لے گئے۔پیر سید امیر شاہ جیلانی کے خاندان کے بڑے اکابرین نے صوبہ سرحد کوپاکستان میں شامل کرنے کیلئے راہ ہموارکرتے ہوئے اپنا کرداراداکیا۔

1974میں تحفظ ختم نبوت کی تحریک میں علامہ شاہ احمدنورانی رحمة اللہ تعالیٰ علیہ نے کلیدی کرداراداکیا۔تحفظ ناموس رسالت کی تحریک میں بھی علامہ عبدالمصطفیٰ الازہری، علامہ سیدشاہ تراب الحق قادری ویگر اکابرین نے اپنا کرداراداکیا ۔ڈاکٹرحاجی محمدحنیف طیب نے کہاکہ یہ ہمارے لئے دکھ اورافسوس کا مقام ہے کہ تحریک پاکستان میں علماء ومشائخ کا بنیادی کرداررہاہے یوم آزادی کی تقریبات میں علماء ومشائخ کے کردارکا کوئی تذکرہ نہیں کیا جا تا وہ تاریخ ساتھ انصاف نہیں کررہے جو تاریخ کے ساتھ انصاف نہیں کرتے تو تاریخ بھی ان کے ساتھ انصاف نہیں کرے گی ۔اجتماع سے مولاناشوکت حسین سیالوی نے بھی خطاب کیا۔حافظ وسیم قادری نے بارگاہ رسالت میں درودوسلام پیش کیا ۔