کراچی کے صارفین سے امتیازی سلوک بند کیا جائے،کاٹی

فیول ایڈجسٹمنٹ اور انکریمنٹل سبسڈی کی فوری ادائیگی یقینی بنائی جائے، صدر جنید نقی

جمعہ 8 اگست 2025 20:10

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 08 اگست2025ء)کورنگی ایسوسی ایشن آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹری (کاٹی) کے صدر جنید نقی نے کراچی کے بجلی صارفین کے ساتھ جاری امتیازی سلوک کی شدید مذمت کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ روکے گئے منفی فیول کوسٹ ایڈجسٹمنٹس (FCA) اور کووڈ دور کی 33 ارب روپے کی واجب الادا سبسڈی کی فوری ادائیگی کی جائے۔ انہوں نے کہ نیپرا کی جانب سے 18 جولائی 2025 کو جاری کردہ ملٹی ایئر ٹیرف (MYT) میں کے الیکٹرک کے ایف سی اے کیلئے ریفرنس فی یونٹ قیمت 15.99 روپے مقرر کی گئی، لیکن اس کے باوجود مئی اور جون 2025 کے مہینوں کے لیے کراچی کے صنعتی و گھریلو صارفین کو منفی FCA ریلیف نہیں دیا گیا، جو کہ سراسر ناانصافی ہے۔

صدر کاٹی نے کہا کہ یہ امتیاز اس وقت مزید واضح ہو جاتا ہے جب باقی ملک کے ڈسکوز کے صارفین کو انہی مہینوں میں باقاعدگی سے منفی ایڈجسٹمنٹس دی جا رہی ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ سال 2023 اور ابتدائی 2024 میں کراچی کے صارفین نے باقی ملک کی نسبت زیادہ FCA ادا کیا۔ جنید نقی نے کہا کہ اب جب کراچی کو ریلیف دینے کی باری آئی ہے، تو وزارت ایک فارمولہ پر مبنی ریگولیٹری عمل میں مداخلت کر کے اس حق کو روکے ہوئے ہے۔

جو واضح ادارہ جاتی امتیاز اور کراچی کے عوام کے حقوق صلب کرنے کی کوشش ہے۔ صدر کاٹی نے مطالبہ کیا کہ کووڈ کے دوران وعدہ کی گئی 33 ارب روپے کی انکریمنٹل سبسڈی جس کی کراچی کی بزنس کمیونٹی متعدد بار درخواست کر چکی ہے کو فوری طور پر کراچی کی صنعتوں کو ادا کی جائے۔ جنید نقی نے کہا کہ یہ سبسڈی اس وقت دی گئی تھی تاکہ صنعتوں کو اضافی پیداوار اور توانائی کے استعمال پر حوصلہ افزائی ملے، لیکن باوجود اس کے کہ صنعتوں نے حکومت کی پالیسی پر اعتماد کر کے اپنی ذمہ داریاں پوری کیں، انہیں آج تک ادائیگی نہیں کی گئی۔

انہوں نے کہا کہ یہ صرف ناانصافی نہیں بلکہ حکومت کی پالیسی پر اعتماد کرنے کی سزا دی جا رہی ہے۔صدر کاٹی نے وزیر اعظم میاں شہباز شریف اور اسپیشل انویسٹمنٹ فیسیلیٹیشن کونسل (ایس آئی ایف سی) سے مطالبہ کیا کہ وہ فوری طور پر اس بحران کے حل کے لیے مداخلت کریں اور تمام اسٹیک ہولڈرز سے مذاکرات کر کے فیصلہ کن اقدامات اٹھائیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ کراچی کی معیشت کو امتیازی پالیسیوں اور بیوروکریٹک رکاوٹوں کی بھینٹ نہیں چڑھایا جا سکتا جبکہ دیگر شہروں کی انڈسٹری اور عوام کو مذکورہ ریلیف فراہم کیا جارہا ہے۔

صدر کاٹی نے خبردار کیا ہے کہ اگر ان مطالبات پر فوری عملدرآمد نہ ہوا تو یہ معاملہ تمام متعلقہ فورمز بشمول بزنس کونسلز، چیمبرز اور عوامی پلیٹ فارمز پر بھرپور طریقے سے اٹھایا جائے گا۔