Live Updates

خیبر پختونخوا میں حکومت کی تبدیلی خارج از امکان نہیں، امیر مقام

مناسب وقت پر اکثریت ثابت کر کے دکھائیں گے، 53اراکین اسمبلی کی صورت میں اپوزیشن اتحاد پانسہ پلٹ سکتا ہے، وفاقی وزیر امور کشمیر

جمعہ 8 اگست 2025 21:35

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 08 اگست2025ء) مسلم لیگ (ن) خیبرپختونخوا کے صدر و وفاقی وزیر امور کشمیر انجینئر امیر مقام نے کہا ہے کہ خیبر پختونخوا میں حکومت کی تبدیلی خارج از امکان نہیں، مناسب وقت پر اکثریت ثابت کر کے دکھائیں گے، 53 اراکین اسمبلی کی صورت میں مضبوط اپوزیشن اتحاد خیبرپختونخوا میں پانسہ پلٹ سکتا ہے۔صوابی میں (ن) لیگ خیبر پختونخوا کے ایڈیشنل جنرل سیکرٹری حاجی دلدار خان سے بھائی کے انتقال کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے امیر مقام نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کی لیڈر شپ اپوزیشن جماعتوں کے ساتھ مذاکرات چاہتی ہے لیکن بدقسمتی سے پی ٹی آئی ایسا نہیں چاہتی، عمران نیازی کے خلاف عدالت میں کیسز ہیں، وہ ان کا سامنا عدالت میں کریں۔

انہوں نے کہا کہ 9مئی کے مقدمات کے فیصلوں سے ن لیگ کا کوئی لینا دینا نہیں، قومی مفادات کیلئے مل بیٹھنے کیلئے تیار ہیں، یوم استحصال کشمیر کے حوالے سے پی ٹی آئی کا احتجاج کرنا مناسب نہیں تھا، قوم نے ان کو مسترد کر دیا ہے، اب 14 اگست جشن آزادی پر احتجاج کی کال بھی ملک دشمنی ہے۔

(جاری ہے)

امیر مقام نے کہا کہ پی ٹی آئی کی دستیاب لیڈر شپ بھارت و اسرائیل کو خوش کرنے کیلئے یوم آزادی پر ملک میں افراتفری کرنا چاہتی ہے، مسلم لیگ کی مرکزی حکومت اس دفعہ یوم آزادی شایانِ شان طریقے سے منا کر افواج پاکستان سے یکجہتی کا اظہارِ کرے گی۔انہوں نے کہا کہ پاکستانی قوم نے ہمیشہ مسلم لیگ کو وطن دوستی پر ووٹ دیا ہے، آئندہ بھی ملک میں حکومت سبز جھنڈے کی ہوگی۔

Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات