مصباح کھر کا اطالوی سفارتخانے کا دورہ،سفیر مارلینا آرمیلن سے پارلیمانی تعاون پر تبادلہ خیال

ہفتہ 9 اگست 2025 19:53

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 اگست2025ء) چیئرمین سینیٹ کی مشیر مصباح کھر نے اسلام آباد میں اٹلی کے سفارتخانے کا دورہ کیا اور پاکستان میں اٹلی کی سفیر مارلینا آرمیلن سے ملاقات کی۔ملاقات میں مصباح کھر نے سفیر کو انٹر پارلیمانی اسپیکرز کانفرنس کے قیام سے آگاہ کیا۔ انہوں نے بتایا کہ یہ ایک نیا کثیرالجہتی پارلیمانی فورم ہے جس کا مقصد دنیا بھر کی قومی پارلیمانوں کے مابین تعاون اور مکالمے کو فروغ دینا ہے۔

اب تک دنیا کے 45 ممالک کی قانون ساز اسمبلیوں کے سربراہان اس فورم میں شامل ہو چکے ہیں۔ حال ہی میں ملائیشیا میں ہونے والے اجلاس میں چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی کو متفقہ طور پر آئی ایس سی کا پہلا صدر منتخب کیا گیا۔ہفتہ کو سینیٹ سیکریٹریٹ سے جاری بیان کے مطابق مشیر مصباح کھر نے اٹلی کی سینیٹ کی صدر ماریا ایلیسبیٹا البرٹی کیسیلٹی کو 11 اور 12 نومبر کو اسلام آباد میں ہونے والے آئی ایس سی کے پہلے مکمل اجلاس میں شرکت کی باضابطہ دعوت دی۔

(جاری ہے)

انہوں نے اجلاس کے مرکزی موضوع ’’امن، استحکام اور سلامتی‘‘ پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ یہ پلیٹ فارم پارلیمانی رہنماؤں کو درپیش عالمی چیلنجز پر مشترکہ حکمتِ عملی وضع کرنے اور مؤثر مکالمے کو فروغ دینے کا موقع فراہم کرے گا۔ اس موقع پر اجلاس کی تیاریوں، موضوعاتی مباحثوں اور مختلف خطوں سے آنے والے وفود کے مابین اعلیٰ سطحی تبادلہ خیال کے منصوبوں سے بھی آگاہ کیا گیا۔

سفیر مارلینا آرمیلن نے اس اقدام کو خوش آئند قرار دیا اور پاکستان و اٹلی کے درمیان پارلیمانی و ادارہ جاتی تعلقات کے فروغ میں گہری دلچسپی ظاہر کی۔ملاقات کے اختتام پر دونوں طرف سے اس امید کا اظہار کیا کہ آئی ایس سی میں اٹلی کی شمولیت نہ صرف بین الپارلیمانی تعاون کو مضبوط کرے گی بلکہ دونوں ممالک کی قانون ساز اسمبلیوں کے تعلقات کو بھی مزید مستحکم بنانے میں مدد گار ثابت ہوگی۔