خدمتِ خلق مقدس جذبے کے ساتھ انجام دی جائے تو یہ عظیم عبادت ہے، احمد حسن رانجھا

اتوار 10 اگست 2025 14:30

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 اگست2025ء) ڈائریکٹر جنرل پارکس اینڈ ہارٹیکلچر اتھارٹی (پی ایچ اے) اور چیئرمین یوتھ ایجوکیشن اینڈ اسپورٹس (وائے ای ایس) ویلفیئر سوسائٹی احمد حسن رانجھا نے کہا ہے کہ خدمتِ خلق مقدس جذبے کے ساتھ انجام دی جائے تو یہ عظیم عبادت ہے، نوجوان نسل کو کھیلوں جیسی مثبت سرگرمیاں فراہم کرنا معاشرے کو برائیوں سے پاک کرنے کا بنیادی قدم ہے۔

وہ یوتھ ایجوکیشن اینڈ سپورٹس ویلفیئر سوسائٹی کی ساتویں سالگرہ کی کیک کاٹنے کی تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔ اس موقع پر صدر ڈاکٹر زاہد اعوان، نائب صدر و سابق ٹیسٹ کرکٹر نوید قریشی سمیت دیگر مہمان بھی شریک تھے۔ احمد حسن رانجھا نے کہا کہ (وائے ای ایس) فلاحی تنظیم گزشتہ 7برس سے پاکستان میں کھیلوں کے فروغ، بالخصوص بچیوں کو محفوظ اور باعزت ماحول میں کھیلنے کے مواقع فراہم کرنے کے لیے سرگرم ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ وطن عزیز کا 78واں جشن آزادی، معرکہ حق کی فتح اور یوم دفاع شایان شان منانے کے لیے پی ایچ اے راولپنڈی اور ڈسٹرکٹ سپورٹس ڈیپارٹمنٹ کے اشتراک سے مختلف پروگرام ترتیب دیے گئے ہیں جن میں 14 اگست کو شجرکاری مہم، 22 سے 24 اگست تک ویمنز ٹی 10 کرکٹ لیگ اور 6 ستمبر کو آسٹریلین فٹ بال (اے ایف ایل ) اور خواتین کے بیس بال میچز شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کو عالمی معیار کی ٹریننگ اور جدید کھیلوں کی سہولیات فراہم کرنے کے لیے راولپنڈی میں مختلف کھیلوں کی اکیڈمیوں کا جال بچھایا جائے گا تاکہ ہر بچہ اپنے گھر کے قریب سہولت سے استفادہ کر سکے اور منفی سرگرمیوں سے دور رہ سکے۔