جشن آزادی اور معرکہ حق کی تقریبات کے حوالے سے ایف ڈی اے کے زیر اہتمام محفل مشاعرہ پیر کو ہوگی

اتوار 10 اگست 2025 14:40

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 اگست2025ء) جشن آزادی اور معرکہ حق کی تقریبات کے حوالے سے ایف ڈی اے زیر اہتمام محفل مشاعرہ پیر کو ہوگی۔ '' حصول آزادی سے تحفظ آزادی'' کے موضوع پر یہ مشاعرہ دو بجے دن ایف ڈی اے کمپلیکس میں منعقد ہوگا جس کے مہمان خصوصی قائمقام ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے قیصر عباس رند ہوں گے جبکہ معروف شاعر نصرت صدیقی صدارت کریں گے۔

محفل مشاعرہ کی میزبانی کے فرائض مقامی شاعر شہزاد بیگ انجام دیں گے۔ شعرا کرام میں عارف حسین بخاری، عدنان بیگ، ناصر مجید،خاور جیلانی، اشفاق بابر، کوثر علی گل، حمید شاکر، فوزیہ شیخ اور کومل جوئیہ ملتان شامل ہیں۔ شعرا کرام منظوم انداز میں وطن سے محبت، آزادی کے تحفظ کے تقاضوں، قومی یکجہتی، ملی اتحاد و یگانگت کی ضرورتوں کو اجاگر اور وطن کے لئے لازوال قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کریں گے۔

(جاری ہے)

جشن آزادی اور معرکہ حق کی تقریبات کے سلسلے میں ایف ڈی اے کمپلیکس کو ''حصول آزادی سے تحفظ آزادی''کی تقسیم کے تحت خوبصورتی سے سجادیا گیا ہے اس سلسلے میں قومی پرچم کی مناسبت سے سبز اور سفید برقی لائٹس آویزاں کی گئی ہیں جن میں بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح کی پورٹریٹ، پاکستانی پرچم، آزادی کی نعمت اور جشن آزادی مبارک کے جیسی تحریریں اجاگر کی گئی ہیں۔ علاوہ ازیں شہر کی مرکزی شاہرات، چوکوں اور اہم عوامی مقامات پر ''آزادی مبارک ''اور وطن سے محبت کے نعروں پر مبنی سٹیمرز آویزاں کئے گئے۔