دپٹی کمشنر سرگودہا کی نگرانی میں جشن آزادی کی تیاریاں جاری

اتوار 10 اگست 2025 14:50

سرگودھا (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 اگست2025ء) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازشریف کی خصوصی ہدایت پر ڈپٹی کمشنر سرگودہا کیپٹن (ر) محمد وسیم کی نگرانی میں ضلع بھر کی تمام ساتوں تحصیلوں میں جشن آزادی کی تقریبات کے لیے بہترین انتظامات کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔ اسسٹنٹ کمشنرز اپنی تحصیلوں میں صفائی ستھرائی، سکیورٹی اور ٹریفک کے خصوصی انتظامات کی خود مانیٹرنگ کر رہے ہیں۔

ضلعی انتظامیہ کی جانب سے عوامی مقامات، بازاروں، پارکس، چوراہوں اور اہم شاہراہوں کو قومی پرچموں، جھنڈیوں اور برقی قمقموں سے سجا دیا گیا ہے۔ گھروں اور دفاتر پر پرچم لہرانے کا سلسلہ جاری ہے جبکہ گاڑیوں، موٹر سائیکلوں اور رکشوں کو بھی قومی رنگوں سے مزین کیا جا رہا ہے۔شام کے وقت شہر اور تمام تحصیلوں میں چراغاں اور آرائش و زیبائش کے مناظر عوام کی توجہ کا مرکز بنے ہوئے ہیں۔

(جاری ہے)

قومی یادگاروں اور اہم سرکاری عمارتوں پر بھی چراغاں کیا گیا ہے۔ڈپٹی کمشنر سرگودہا کیپٹن ریٹائرڈ محمد وسیم نے کہا کہ جشن آزادی پاکستان کی تاریخ کا ایک سنہری دن ہے اور اس دن کو شایانِ شان طریقے سے منانے کے لیے ضلعی انتظامیہ کوئی کسر نہیں چھوڑے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ تمام تقریبات میں عوام کی سہولت، تحفظ اور شمولیت کو اولین ترجیح دی جا رہی ہے، تاکہ ہر شہری قومی خوشی کے اس موقع پر بھرپور انداز میں شریک ہو سکے۔