پاکستان کو دشمن کے پروپیگنڈے سے بچانا ہر شہری کی ذمہ داری ہے، پیر ارشد کاظمی

ہماری پاک فوج اور ملکی سلامتی کے ادارے دن رات ملک کے دفاع میں مصروف ہیں،مرکزی رہنما تحریک اہلسنّت

اتوار 10 اگست 2025 17:35

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 اگست2025ء)تحریک اہلسنّت پاکستان کے مرکزی رہنما و چیئرمین رابطہ کمیٹی سندھ پیر سید ارشد علی شاہ کاظمی القادری نے کہا ہے کہ پاکستان اس وقت اندرونی و بیرونی چیلنجز سے دوچار ہے، جبکہ دشمن قوتیں سوشل میڈیا سمیت دیگر ذرائع سے جھوٹ، نفرت، لسانیت، فرقہ پرستی اور من گھڑت پروپیگنڈا پھیلا کر قوم میں انتشار پیدا کرنے کی سازشوں میں مصروف ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ماضی میں شام، لبنان، فلسطین، یمن اور عراق جیسے ممالک میں دشمنانِ اسلام نے اسی پروپیگنڈے کے ذریعے بھائی کو بھائی کے خلاف کر دیا، قوم کو خانہ جنگی میں مبتلا کیا اور آج وہ ملک تباہ و برباد ہو چکے ہیں، وہاں کے عوام دربدر اور بے یار و مددگار ہیں۔ انہوں نے خبردار کیا کہ اگر پاکستانی عوام نے ہوشیاری اور یکجہتی کا مظاہرہ نہ کیا تو ملک کو بھی اسی طرز کے بحران کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔

(جاری ہے)

پیر سید ارشد علی شاہ کاظمی القادری نے کہا کہ ہماری پاک فوج اور ملکی سلامتی کے ادارے دن رات ملک کے دفاع میں مصروف ہیں، اس لیے ہر محبِ وطن شہری کا فرض ہے کہ وہ افواجِ پاکستان اور ریاستی اداروں کا بھرپور ساتھ دے اور سوشل میڈیا پر پھیلائے جانے والے جھوٹے بیانیے کو بے نقاب کرے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ہم سب کا ہے اور ہم ہی اس کے پاسبان ہیں، ہمیں اپنی آنے والی نسلوں کے لیے ایک مضبوط، محفوظ اور خوشحال وطن چھوڑنا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ اس وقت ضرورت ہے کہ تمام مکاتبِ فکر اور سیاسی جماعتیں اختلافات سے بالاتر ہو کر ملک کے تحفظ اور استحکام کے لیے یک زبان اور متحد ہوں، کیونکہ اتحاد ہی دشمن کی تمام سازشوں کو ناکام بنانے کی سب سے بڑی طاقت ہے۔