امریکہ کے ساتھ تعلقات میں کوئی دوست ملک ناراض نہیں ‘ رانا تنویر حسین

امریکہ سے تاریخ میں پہلی مرتبہ تاریخی تعلقات استوار ہوئے ہیں ،امریکہ نے بھارت کو چھوڑ دیا معرکہ حق کے دوران بھارتی سیاستدان اور فوجی سربراہان دنیا میں خود اپنا تماشا بن گئے‘ وفاقی وزیر کی میڈیا سے گفتگو

اتوار 10 اگست 2025 19:35

امریکہ کے ساتھ تعلقات میں کوئی دوست ملک ناراض نہیں ‘ رانا تنویر حسین
شیخوپورہ/مریدکی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 اگست2025ء)وفاقی وزیر فوڈ سکیورٹی و ریسر چ رانا تنویر حسین نے کہا ہے امریکہ کے ساتھ تعلقات میں کوئی دوست ملک ناراض نہیں ،امریکہ سے تاریخ میں پہلی مرتبہ تاریخی تعلقات استوار ہوئے ہیں ،امریکہ نے بھارت کو چھوڑ دیا ،معرکہ حق کے دوران بھارتی سیاستدان اور فوجی سربراہان دنیا میں خود اپنا تماشہ بن گئے۔

اپنے فارم ہائوس پر میڈیا نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان کی معیشت اتنی مستحکم ہوگئی ہے کہ ہمیں ٹریڈ میں دنیا میںبہت بہتر ٹیرف ملا ہے ۔انہوں نے کہا کیا لوگ بیوقوف ہیں سب کو نظر آرہا ہے پی ٹی آئی والوں کا ایجنڈا عوام یا پاکستان نہیں ملک دشمنی ہے ،یوم استحصال کشمیر پر احتجاج کیا گیا ،اب چودہ اگست جشن آزادی کے دن احتجاج کی کال دیدی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ 9 مئی کے سزا یافتہ آج نہیں تو کل سلاخوں کے پیچھے ہوں گے، ضمنی انتخابات میں پی ٹی آئی کا بائیکاٹ خس کم جہاں پاک ہے۔ انہوں نے کہا گوادر میں ایک عالمی معیار کا سلاٹر ہائوس ہے جہاں گدھے کا گوشت کیا جاتا ہے ،گدھے کا گوشت آٹھ ہزار روپے کلو ہے ،پاکستان میں اتنا مہنگا گوشت کون خریدے گا ۔انہوں نے کہا کہ پاکستان میں چینی کا کوئی بحران نہیں ہے ،ہر جگہ حکومت کے مقرر کردہ 173روپے فی کلو کے حساب سے مل رہی ہے ۔

انہوں نے کہا کہ بھارت کو شکست دینے کے بعد پہلا جشن آزادی آرہا ہے اتنے بھر پور طریقے سے منائیں گے کہ دشمن کو یاد رہے ،پاکستان ناقابل تسخیر دفاعی طاقت اور خودار قوم کا ملک ہے۔انہوں نے کہا کہ دنیا کا سب سے بڑا لطیفہ بھارتی ایئر چیف کی طرف سے تین ماہ بعد پاکستانی جہاز گرانے کا دعوی ہے، بھارتی وزیر اعظم مودی اور اس کی پوری پارٹی دہشتگرد ہے۔