اقلیتی خواتین نے تعلیم، صحت، سماجی خدمات، ہنر ، ترقی، کاروبار اور قیادت کے شعبوں میں نمایاں کردار ادا کیا ہے ، اُمِ لائلہ اظہر

اتوار 10 اگست 2025 20:40

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 اگست2025ء) قومی کمیشن برائے وقار نسواں (این سی ایس ڈبلیو) نے اقلیتوں کے قومی دن کے موقع پر پاکستان کی اقلیتی برادریوں، خاص طور پر محنتی، باحوصلہ اور بصیرت رکھنے والی خواتین کو شاندار خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔اتوار کواپنے بیان میں چیئرپرسن این سی ایس ڈبلیو، اُمِ لائلہ اظہر نے کہا کہ اقلیتی خواتین نے تعلیم، صحت، سماجی خدمات، ہنر ، ترقی، کاروبار اور قیادت کے شعبوں میں نمایاں کردار ادا کیا ہے حالانکہ انہیں سماجی رکاوٹوں اور امتیازی رویّوں کا سامنا رہا ہے۔

اُنہوں نے کہا کہ محدود وسائل اور مشکل حالات کے باوجود یہ خواتین شہر کے اسپتالوں سے لے کر دیہاتی اسکولوں تک ہر محاذ پر خدمات انجام دے رہی ہیں اور ملک کی معیشت میں اہم کردار ادا کر رہی ہیں۔

(جاری ہے)

کمیشن نے اقلیتی خواتین کے لیے شادی کے حقوق اور قانونی شناخت کو یقینی بنانے والے قوانین کی حمایت کا اعادہ کیا جن میں ہندو میرج ایکٹ 2017، سندھ ہندو میرج (ترمیمی) ایکٹ 2018، سندھ چائلڈ میرج ریسٹرینٹ ایکٹ 2013، اقلیتوں کی شادی سے متعلق بل اور عیسائی شادی کے قوانین میں اصلاحات شامل ہیں۔

این سی ایس ڈبلیو نے زور دیا کہ وراثت اور ازدواجی حقوق میں برابری دی جائے، قانونی معاونت فراہم کی جائے اور اقلیتی خواتین کی پالیسی سازی میں نمائندگی یقینی بنائی جائے۔ ساتھ ہی اُن کے لیے تعلیم، روزگار، قیادت کے مواقع، صحت، رہائش اور معاشی خودمختاری کے حوالے سے خصوصی پروگرام متعارف کروانے کا بھی مطالبہ کیا۔اُمہ لائلہ اظہر نے کہا کہ پاکستان کی اصل طاقت تمام شہریوں کو مساوی حقوق اور شمولیت دینے میں ہے۔ ہم اقلیتی خواتین کی جدوجہد اور خدمات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں اور اُن کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہیں۔