ئ*ملک میں معاشی عدم استحکام اور بے یقینی کی صورتحال بڑھتی چلی جارہی ہی: جاوید قصوری

۔ جماعت اسلامی پنجاب وسطی کی مجلس شوریٰ کے اجلاس سے امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان ، محمد جاوید قصوری و دیگر کا خطاب

اتوار 10 اگست 2025 21:40

_لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 10 اگست2025ء) امیر جماعت اسلامی پنجاب وسطی محمد جاوید قصوری کی زیرصدارت دفتر جماعت اسلامی پنجاب منصورہ میں صوبائی شوریٰ کا اجلاس منعقد ہوا، اجلاس میں امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمان نے خصوصی طور پر شرکت کی جبکہ اس موقع پر صوبائی سیکرٹری جنرل ڈاکٹر بابر رشید، صوبائی نائب امراء نصراللہ گورائیہ، ذکر اللہ مجاہد، رانا عبد الوحید خان، صوبائی نائب قیمین رانا تحفہ دستگیر احمد، محمد اویس گھمن ، رحمت اللہ وٹواور دیگر ارکان شوریٰ بلال قدرت بٹ،رانا معروف ،زاہد عمران کوررٹانہ،رضوان احمد چوہدری،عبد القیوم ہنجرا ،رانا عبد الوحید،طیب محمود بلوچ،نور احمد ڈوگر،محبوب الزمان بٹ،مظہر اقبال رندھاوا،ڈاکٹر عطا اللہ حمید،سردار عثمان ،راشد محمود ،فرید احمد مگھیانہ،ناصر محمود بھی موجود تھے،۔

(جاری ہے)

اجلاس میں تنظیمی امور، عوامی کمیٹیوں کی تشکیل، اجتماع عام کی تیاریوں کا جائزہ لیا گیا اور آئندہ کی سیاسی حکمت عملی کے حوالے سے مشاورت و پلاننگ کی گئی۔شوریٰ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ تمام جماعتوں نے عوام کو بے یارومددگار چھوڑ دیا ہے ۔ کسی کو اقتدار کو بچانے کی فکر ہے تو کوئی اپنے کیسوں کو معاف کروانے کے لئے جتن کر رہا ہے ۔

عوام کو ریلیف فراہم کرنا کسی کا بھی ایجنڈا نہیں ۔عوامی کمیٹیوں کی تشکیل سے لوگوں کے مسائل کو ان کی دہلز پر حل کریں گے ،کسی کو عوام کا استحصال نہیں کرنے دیں گے اور اس کے لئے جماعت اسلامی 21، 22، 23 نومبر کو مینار پاکستان پر کل پاکستان اجتماع عام کا انعقاد کرے گی۔ پورے ملک کے عوام اورعالم اسلام کی تمام تحریکوں کے قائدین اجتماع عام میں شریک ہوں گے، فلسطین کے لیے کام کرنے والی تمام عالمی تنظیموں کو مدعو کیا جائے گا۔

جماعت اسلامی کا تین روزہ اجتماع ملکی تاریخ کا سب سے بڑا اجتماع ہوگا، جس میں ہر طبقہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد کی شرکت کے ساتھ ساتھ نوجوانوں کے لیے عالمی سطح کے پروفیشنل سیشن منعقد کئے جائیں گے۔ جماعت اسلامی کا یہ اجتماع عام پاکستان بھر کے مظلوم طبقات کی بھر پور ترجمانی کرے گا۔اجتماع سے قبل 30 ہزار عوامی کمیٹیوں کی تشکیل کا ہدف بھی پورا کیا جائے گا۔

امیر جماعت اسلامی پنجاب وسطی محمد جاوید قصوری نے کہا کہ پاکستان کو سیاسی و معاشی استحکام کی ضرورت ہے۔ اس کے لیے سب کو افہام و تفہیم کا مظاہر ہ کرنا ہوگا۔ عوام کو درپیش مسائل دن بدن بڑھتے چلے جارہے ہیں۔ عوام پریشان ہیں پٹرولیم، بجلی اورگیس کی قیمتوںمیں ہوشر با اضافہ کرکے حکمرانوں نے مظالم کی انتہا کردی ہے۔ملک میں جو بھی بر سر اقتدار آیا ہے اس نے عوام کو دونوں ہاتھوں سے ہی لوٹا ہے۔

ان لوگوں سے خیر خواہی کی کوئی امید باقی نہیں رہی۔ موجودہ حکمرانوں کے پاس کوئی متبادل ایجنڈا نہیں ہے۔ ملکی حالات دن بدن ابتر ہوتے چلے جا رہے ہیں۔ہر شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والا شخص پریشان ہے،جبکہ محض دکھاوے اور ڈنگ ٹپائو اقدامات کے سوا کچھ نہیں ہو رہا۔ان کا کہنا تھا کہ حکمران اجلاس اجلاس کھیل کر قوم کو گمراہ کررہے ہیں۔ سرکاری اداروں کی نجکاری کی خواہش رکھنے والے غریب عوام کو دو وقت کی روٹی اور روزگار سے بھی محروم کرنا چاہتے ہیں۔

اگر حکمران ادارے ٹھیک نہیں کرسکتے، اداروں سے کرپشن کا قلع قمع نہیں کرسکتے اور ان کو منافع بخش نہیں بناسکتے تو ان نا اہلوں سے ملک چلانے کی امید کیسے کی جاسکتی ہی ۔ سودی معاشی نظام کا خاتمہ کرنا ہوگا۔ سودی نظام تمام مسائل کی بنیادی جڑ ہے، حکومت نے اس کے لئے روڈ میپ دے۔ ملک میں معاشی عدم استحکام اور بے یقینی کی صورتحال بڑھتی چلی جارہی ہے۔