لگتا ہے حکمران بزرگوں کی عظیم قربانیاں بھول گئے ہیں، اسلم فاروقی

ملک میں رائج انگریز سامراج کے بنائے ہوئے قوانین سوالیہ نشان ہیں، چیئرمین ایم کیو ایس سی

پیر 11 اگست 2025 02:15

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 اگست2025ء)بانیان پاکستان کی اولادوں کی تنظیم محب قومی سماجی کونسل(ایم کیو ایس سی)پاکستان کے چیئرمین و محب وطن سماجی رہنما محمد اسلم خان فاروقی نے کہا ہے کہ پاکستان کے قیام کو 78سال ہوگئے ہیں تاہم وطن عزیز تاحال نہ تو فلاحی ریاست بنا اور نہ ہی ملک بنانے والوں کی اولادوں کو ملک کی اکائی تسلیم کیا گیا ہے حالانکہ بر صغیر کے مسلمانوں نے عظیم قربانیاں دیکر پاکستان کو مدینہ منورہ کی طرز پر دوسری فلاحی ریاست کے طور پر بنایا تھا مگر لگتا ہے کہ حکمران بزرگوں کی عظیم قربانیوں کو بھول گئے ہیں ان خیالات کا اظہار اسلم خان فاروقی نے سابق صوبائی ڈپٹی اسپیکر سندھ راحیلہ ٹوانہ کی رہائشگاہ ٹوانہ ہاس میں14اگست، شہدائے پاکستان، معرکہ حق اور سابق صدر پاکستان جنرل پرویز مشرف کی 82ویں یوم پیدائش پر منعقدہ تقریب کے موقع پر قائد اعظم سمیت شہدائے پاکستان اور جنرل پرویز مشرف کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کیا اسلم خان فاروقی نے کہا کہ کشمیر ہماری شہ رگ ہے اس لیے مقبوضہ کشمیر کی آزادی تک جشن آزادی منانا درست نہیں البتہ 14اگست پر پاکستان کے قیام کی بنیاد پر یوم تاسیس پاکستان بھرپور قومی جوش و جذبہ سے منانا چاہیے اسلم خان فاروقی نے یہ بھی کہا کہ پاک فوج کی بدولت ہی قوم چین و سکون کی نیند سوتی ہے شہدائے پاک فوج قوم کے ہیرو ہیں ان کی عظیم قربانیاں ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ ملک میں رائج انگریز سامراج کے بنائے ہوئے قوانین سوالیہ نشان ہیں۔