مقبوضہ جموں و کشمیر میں مختلف واقعات میں بھارتی پولیس کے تین اہلکار ہلاک

پیر 11 اگست 2025 11:12

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 اگست2025ء) غیرقانونی طورپر بھارت کے زیر قبضہ جموں وکشمیرمیں بھارتی پولیس کے دو سب انسپکٹر اور ایک اسپیشل پولیس آفیسردو مختلف واقعات میں ہلاک ہو گئے۔کشمیر میڈیا سروس کے مطابق تین سب انسپکٹر امرناتھ یاترا کی ڈیوٹی مکمل کرنے کے بعد سرینگر سے جموں جا رہے تھے کہ سرینگر کے علاقے لسجن کے مضافات میں تینگن کے مقام پر ان کی گاڑی حادثے کا شکار ہو گئی جس میں وہ شدید زخمی ہوگئے۔

(جاری ہے)

زخمی پولیس افسروں کو ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں دو کو مردہ قرار دیا گیا۔ہلاک ہونے والوں کی شناخت سچن ورما اور شبھم کے طور پر کی گئی جبکہ مستن سنگھ نامی افسر ہسپتال میں زیر علاج ہے۔دریں اثنا ء جنوبی کشمیر کے ضلع پلوامہ میں ایک اسپیشل پولیس آفیسراچانک بے ہوش ہو کر گر پڑا اور جان کی بازی ہار گیا۔ حکام کے مطابق شیراز احمد جو پولیس لائنز پلوامہ میں تعینات تھا، اچانک بے ہوش ہو گیا۔ اسے فوری طور پر ضلع ہسپتال پلوامہ منتقل کیا گیا جہاں ڈاکٹروں نے اسے مردہ قرار دیا۔