نوشہرہ ورکاں، ملک بھر کی طرح نوشہرہ ورکاں میں بھی اقلیتوں کا قومی دن منایا گیا

پیر 11 اگست 2025 18:03

نوشہرہ ورکاں (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 اگست2025ء) ملک بھر کی طرح نوشہرہ ورکاں میں بھی اقلیتوں کا قومی دن منایا گیا۔ اسسٹنٹ کمشنر جواد حسین پیرزادہ کی زیر نگرانی میونسپل کمیٹی میں شاندار تقریب کا انعقاد کیا گیا ،جسکی صدارت چیف آفیسر بلدیہ خالد رشید کمبوہ نے کی جبکہ اس تقریب سے خصوصی خطاب کرتے ہوئے اقلیتی سیاسی وسماجی رہنما ممبر ضلعی میثاق امن کمیٹی شہباز آشر پڈھیار نے کہا کہ 11 اگست تجدید عہد کا دن ہے جو بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح کی پہلی دستور ساز اسمبلی سے تاریخی خطاب کی مکمل عکاسی کرتا ہے ۔

بانی پاکستان قائد اعظم کا تاریخی خطاب اب آپ آزاد ہیں اپنی عبادت گاہوں مسجد،چرچ،مندر میں جانے کے لئے خواہ آپ کا تعلق کسی بھی مذہب،فرقہ اور عقیدے سے ہو اس کا ریاست کے معاملات سے کوئی تعلق نہیں تمام شہریوں کو مساوی حقوق حاصل ہیں قائد اعظم کا 11 اگست 1947 کو اسمبلی سے یہ خطاب تاریخ اہمیت کا حامل ہے جبکہ 11 اگست کو پاکستان پیپلز پارٹی کے دور حکومت میں وفاقی وزیر اقلیتی امور شہباز بھٹی نے منظور کرایا تھا آج ملک بھر میں بالخصوص صوبہ پنجاب میں وزیر اعلیٰ پنجاب محترمہ مریم نواز کی خصوصی ہدایات کے مطابق شہر شہر اور گاؤں گاؤں یوم اقلیت منایا جا رہا ہے جو وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کی اقلیتوں سے بے پناہ محبت کا عملی ثبوت ہے۔

(جاری ہے)

تقریب کے بعد شرکاء نے ملکرکیک کاٹا اور بعد ازاں چیف آفیسر بلدیہ خالد رشید کی قیادت میں واک بھی کی گئی۔\378