پاکستان کی غزہ میں قابض اسرائیلی فوج کے حالیہ فضائی حملے کی شدید مذمت

پیر 11 اگست 2025 22:42

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 اگست2025ء) پاکستان نے غزہ میں اسرائیلی قابض افواج کے حالیہ فضائی حملے کی شدید مذمت کی ہے جس کے نتیجہ میں متعدد شہریوں کی جانوں کا ضیاع ہوا۔ ترجمان دفتر خارجہ کی جانب سے جاری پریس ریلیز میں پاکستان نے متاثرین کے اہلخانہ سے دلی تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے انتہائی مشکل اور مصائب کے وقت میں فلسطینی عوام کے ساتھ اپنی غیر متزلزل یکجہتی کا اعادہ بھی کیا ہے۔

دفتر خارجہ نے کہا کہ اسرائیلی قابض افواج کا یہ گھناؤنا حملہ بین الاقوامی اور انسانی حقوق کے قوانین کی ایک اور سنگین خلاف ورزی ہے جو قابض ملک کی طرف سے کئے جانے والے جرائم کی وسعت اور شدت کو واضح کرتا ہے۔ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ حکومت پاکستان عالمی برادری سے مطالبہ کرتی ہے کہ اسرائیلی استثنیٰ کے خاتمے کے لئے فوری اور فیصلہ کن اقدام کرتے ہوئے شہریوں کے تحفظ کو یقینی بنایا جائے اور اسرائیل کو اس کے اقدامات کا جوابدہ ٹھہرایا جائے۔

(جاری ہے)

پاکستان مسئلہ فلسطین کے لئے اپنی دیرینہ حمایت کا اعادہ کرتا ہے اور اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں کے مطابق ایک منصفانہ، پائیدار اور پرامن حل پر زور دیتا ہے۔ اقوام متحدہ کی قراردادوں میں فلسطینی عوام کے حقوق اور وقار کو برقرار رکھتے ہوئے ایک آزاد، خودمختار، قابل عمل اور متصل فلسطینی ریاست کا قیام شامل ہے جو جون 1967 سے پہلے کی سرحدوں پر مبنی ہے اور جس کا دارالحکومت القدس الشریف ہو۔