ہم ایسی پالیسیوں ، منصوبوں کی وکالت کرتے ہیں جو معاشی انقلاب برپا کرنے میں معاون ثابت ہوں،گورنربلوچستان

پیر 11 اگست 2025 19:35

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 اگست2025ء)گورنربلوچستان جعفرخان مندوخیل نے کہاہے کہ بڑھتی ہوئی آبادی اور معاشی سرگرمیوں کے باعث کوئٹہ پورے خطے کا اایک اہم مرکز بنتا جا رہا ہے اور اس کا تجارتی منظرنامہ بہت متحرک اور مسلسل ترقی کی جانب گامزن ہے۔ میں بذات خود اسلام آباد سے لیکر انٹرنیشنل سطح پر، ہر ذمہ دار فورم پر میں اپنے ملک اور اپنے صوبے کے تاجروں اور صنعت کاروں کی بھرپور نمائندگی کرتا ہوں۔ میری آواز آپ کی آواز ہے ہم ایسی پالیسیوں اور منصوبوں کی وکالت کرتے ہیں جو معاشی انقلاب برپا کرنے میں معاون ثابت ہوں.

ان خیالات کا اظہار انہوں نے الیعقوب انٹرنیشنل بزنس گروپ اور ویلفیئر سوسائٹی کے زیر اہتمام تقریب تقسیم ایوارڈز کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا. اس موقع پر پاکستان میں تعینات ایرانی قونصل جنرل علی رضا رجائی، صوبائی مشیر نسیم الرحمٰن، صدر کوئٹہ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری محمد ایوب مریانی، سابق صوبائی سیکرٹری جاوید سرور، مرکزی انجمن تاجران کے صدر رحیم کاکڑ، اور ال یعقوب انٹرنیشنل بزنس گروپ اور ویلفیئر سوسائٹی کے سربراہ محمد یعقوب سمیت زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد شریک تھی.

تقریب سے خطاب میں گورنر بلوچستان جعفرخان مندوخیل نے کہا کہ آج صوبہ بلوچستان کے تمام تاجروں اور صنعتکاروں کو خوشخبری دینا چاہتا ہوں کہ بہت جلد ہمارا یہ صوبہ اس پورے کی معاشی اور تجارتی سرگرمیوں کا مرکز بنے گا. سینٹرل ایشیا سے لیکر مڈ ایسٹ تک کے سرمایہ کار اور تاجر یہاں کا رخ کرنے پر مجبور ہیں. وہ دن دور نہیں جب ایک روشن مستقبل کی تعمیر آپ اپنے ہاتھوں سے کرینگے اور لیٹل لندن یعنی کوئٹہ کو پاکستان کی معیشت کا تاج بنائیں گی.

میرے لیے معیشت اور تجارت سے متعلق ہر پروگرام میں شرکت افتخار کا باعث ہوتی ہے۔

(جاری ہے)

تمام تاجر، صنعتکار اور چھوٹے کاروباری حضرات ہمارے صوبے بلوچستان کا فخر ہیں۔ آخر میں گورنر بلوچستان نے تمام مہمانان گرامی اور منتظمین کو اس کامیاب پروگرام کے انعقاد پر مبارکباد پیش کیا. قبل ازیں گورنر بلوچستان نے زندگی کے مختلف شعبوں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے افراد کی خدمات کے اعتراف میں انہیں ایوارڈ سے نوازے۔