اسلام آباد میں اقلیتوں کے عالمی دن پر خصوصی تقریب، قومی یکجہتی کا مظاہرہ

پاکستان تمام مذاہب کا خوبصورت گلدستہ ،ہم سب مل کر ہر تہوار مناتے ہیں، یہی پاکستان کا روشن چہرہ ہے، کھیل داس کوہستانی کا خطاب

پیر 11 اگست 2025 21:10

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 اگست2025ء) نیشنل پریس کلب اور مینارٹیز جرنلسٹس ایسوسی ایشن کے اشتراک سے اقلیتوں کے عالمی دن کے موقع پر نیشنل پریس کلب اسلام آباد میں کیک کاٹنے کی خصوصی تقریب منعقد ہوئی۔ تقریب کے مہمان خصوصی وزیر مملکت برائے مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی کھیل داس کوہستانی تھے۔ مسلم لیگ (ن) کے رکن قومی اسمبلی رمیش کمار وانکوانی، ورلڈ مینارٹیز الائنس کے کنوینئر و سابق وفاقی وزیر جے سالک، پی ایف یو جے کے صدر افضل بٹ، این پی سی سیکرٹری نیئر علی، پیر سید عاصم علی شاہ، عاصمہ ناز عباسی، آر آئی یو جے کے صدر طارق علی ورک، سابق صدر آئی سی سی آئی و چیئرمین ڈی واٹسن گروپ ظفر بختاوری، امریکہ میں مقیم سابق صحافی اور موجودہ کاروباری شخصیت نوید انور اور دیگر سینئر صحافیوں و اقلیتی برادری سے تعلق رکھنے والی شخصیات نے تقریب میں شرکت کی۔

(جاری ہے)

کھیل داس کوہستانی نے خطاب میں کہا کہ پاکستان تمام مذاہب کا خوبصورت گلدستہ ہے۔ 11 اگست 1947 کو بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح کا تاریخی خطاب اس بات کا اعلان تھا کہ پاکستان میں تمام مذاہب کے لوگوں کو عبادات کی مکمل آزادی حاصل ہوگی، جسے آئین پاکستان میں بھی شامل کیا گیا ہے۔ ہم سب مل کر ہر تہوار مناتے ہیں، یہی پاکستان کا روشن چہرہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم دوسروں کے مذہب کا احترام کرنے والی قوم ہیں اور دشمن کے مذہبی مقامات یا عام شہریوں کو نشانہ نہیں بناتے۔اس موقع پر رمیش کمار وانکوانی نے کہا کہ پاکستان میں بسنے والے اقلیتی شہری محب وطن ہیں اور ہر مشکل وقت میں صف اول میں کھڑے رہے ہیں۔ پاکستانی پرچم میں سفید رنگ اقلیتوں کا نہیں بلکہ امن و استحکام کا نشان ہے۔ پی ایف یو جے کے صدر افضل بٹ نے کہا کہ نیشنل پریس کلب نے اقلیتوں کے حوالے سے ہمیشہ مثبت روایت قائم کی ہے۔ تقریب سے جے سالک، ظفر بختاوری، عاصمہ ناز عباسی، پیر عاصم علی شاہ، نوید انور اور ناصر سلیم سمیت دیگر مقررین نے بھی خطاب کیا، جبکہ تقریب میں ملی نغمے پیش کیے گئے اور اختتام پر کیک کاٹا گیا۔