کراچی میں سینئر وکیل خواجہ شمس کے قتل میں ملوث سہولت کار خیبرپختونخوا سے گرفتار

مرکزی ملزم عمران آفریدی کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جارہے ہیں ، پولیس حکام کراچی میں وکلاء کی ہڑتال کے باعث سٹی کورٹ، ملیر کورٹ اور دیگر ماتحت عدالتوں میں مقدمات کی سماعت نہ ہوسکی،

پیر 11 اگست 2025 21:51

کراچی /پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 اگست2025ء)کراچی میں یکم اگست کو قتل کیے گئے سینئر وکیل خواجہ شمس السلام کے قتل کے مرکزی ملزم عمران آفریدی کے سہولت کار کو پولیس نے خیبرپختونخوا سے گرفتار کرلیا۔سینئر وکیل خواجہ شمس الاسلام کے ہائی پروفائل قتل کیس کی تحقیقات میں اہم پیش رفت ہوئی ہے، مرکزی ملزم عمران آفریدی کے سہولت کار حسن کو خیبرپختونخوا سے حراست میں لے لیا گیا، ملزم سے واردات میں استعمال ہونے والی کار بھی برآمد کرلی گئی۔

پولیس ذرائع کے مطابق گرفتار ملزم واردات کے بعد سینئر وکیل پر فائرنگ کرنے والے ملزم عمران آفریدی کو کار میں لے کر فرار ہوا تھا، پولیس اب سہولت کار سے تفتیش کرکے مرکزی ملزم کی گرفتاری کی کوشش کر رہی ہے۔

(جاری ہے)

گرفتار سہولت کار حسن کے قبضے سے واردات میں استعمال ہونے والی کار بھی برآمد کی گئی ہے، حسن مرکزی ملزم عمران آفریدی کو کار میں لے کر خیبرپختونخوا فرار ہوا تھا، ملزم کو تکنیکی بنیادوں پر کارروائی کرکے گرفتار کیا گیا۔

پولیس حکام کے مطابق مرکزی ملزم عمران آفریدی کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جارہے ہیں۔یاد رہے کہ خواجہ شمس السلام کو یکم اگست کو ڈیفنس میں ٹارگٹ کرکے قتل کیا تھا۔کراچی میں سینئر وکیل خواجہ شمس السلام و دیگر وکلا کے قتل کے خلاف سٹی کورٹ، ملیر کورٹ اور دیگر ماتحت عدالتوں میں وکلا نے ہڑتال کردی۔ہڑتال کے باعث سٹی کورٹ، ملیر کورٹ اور دیگر ماتحت عدالتوں میں مقدمات کی سماعت نہ ہوسکی، ہڑتال کے باعث قیدیوں کو جیل سے نہیں لایاگیا جب کہ دور دراز سے آنے والے سائلین کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔کراچی بار کی اپیل پر وکلا سندھ ہائی کورٹ سے وزیر اعلیٰ ہاؤس تک ریلی بھی نکالیں گے۔