بیرونی دشمنی سے نمٹنے کیلئے اندرونی اتحاد و اتفاق اشد ضروری ہے، گورنر بلوچستان جعفرخان

پیر 11 اگست 2025 23:00

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 اگست2025ء) گورنر بلوچستان جعفرخان مندوخیل نے کہا ہے کہ بیرونی دشمنی سے نمٹنے کیلئے اندرونی اتحاد و اتفاق اشد ضروری ہے، جب ہم مشترکہ اہداف کے حصول کیلئے ملکر کام کرتے ہیں، تو ہم بہت سے اجتماعی فوائد حاصل کرنے کے قابل بن جاتے ہیں، جن میں تیز رفتار معاشی ترقی، بہتر طرز حکمرانی، سماجی ہم آہنگی میں اضافہ اور وسائل کا بہتر استعمال شامل ہیں لہٰذا ضروری ہے کہ ہم نفرت اور غلط فہمیوں کی دیواریں گرائیں اور محبت اور افہام و تفہیم کے پل بنائیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گورنر ہاؤس کوئٹہ میں مختلف وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر گورنر بلوچستان جعفرخان مندوخیل نے کہا کہ ہر وہ چیز جو انسانوں میں دوریاں پیدا کرتی ہے اس سے مکمل اجتناب ضروری ہے،معاشرے میں مزید دوریوں اور نفرتوں سے بچنے کیلئے لازمی ہے کہ ہم لوگوں کو ایک دوسرے کے قریب لانے کیلئے اقدامات اٹھائیں، آپس میں جوڑیں، دیواریں نہیں جو ہمیں ایک دوسرے سے الگ تھلگ کر دیں۔

(جاری ہے)

گورنر مندوخیل نے کہا کہ پاکستان اور بلوچستان کے تناظر میں تنوع ہی ہمارا ایک قیمتی اثاثہ ہے۔ گویا تنوع میں اتحاد محض ایک نعرہ نہیں ہے بلکہ تنوع میں اتحاد بلوچستان میں اباد تمام اقوام اور مذاہب کی ایک بہت بڑی ضرورت ہے. یہ بات خوش آئند ہے کہ آج بھی ہمارے درمیان مشترکات زیادہ لیکن اختلافات کم ہیں. سردست ہمیں مایوس ہونے کی کوئی ضرورت نہیں ہیں کیونکہ قدرتی وسائل و معدنیات اور جغرافیائی محل وقوع کے اعتبار سے ہمارے پاس وہ روشن امکانات ہیں جن کی بنیاد پر ہم بآسانی دوسرے صوبوں کے برابر آسکتے ہیں. واضح رہے کہ خطے میں رونما ہونے والی معاشی اور سیاسی تبدیلیوں کے یہ بات یقین کے ساتھ کی جا سکتی ہے بلوچستان پورے خطے کا معاشی ہب بنے گا۔